1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ: بیس ہلاکتیں، ملزم گرفتار

4 اگست 2019

امریکا میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک نئے واقعے میں کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران امریکا میں بلااشتعال فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3NJBA
USA Texas | Schießerei in El Paso - Patrick Crusius
تصویر: AFP/KTSM 9 News Channel

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ایل پیسو میں ایک نوجوان کی بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ سے کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائرنگ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد چھبیس بتائی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے چند ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ایل پیسو شہر کی پولیس کے سربراہ کے مطابق مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مبینہ ملزم نے جب وال مارٹ نامی شاپنگ اسٹورمیں فائرنگ کی، اُس وقت قریب تین ہزار افراد وہاں خریداری کے لیے جمع تھے۔ وال مارٹ نامی اسٹور کے اندر فائرنگ سے کئی صارفین براہ راست گولیوں کا نشانہ بنے۔

USA | Tote bei Schüssen in Supermarkt in Texas
فائرنگ کے وقت وال مارٹ اسٹور خریداری کرنے والوں سے بھرا ہوا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/Bildfunk/AP/The El Paso Times/M. Lambie

پولیس اس پہلو پر تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے کہ آیا نوجوان ملزم مہاجرین مخالف اور نسل پرست رجحانات کا حامل ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے دو اہلکاروں نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اس ملزم کی عمر اکیس برس ہے اور اس کا نام پیٹرک کروسیئس ہے۔

دوسری جانب ایل پیسو کی پولیس کے سربراہ نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں بیس افراد کو قتل کرنے والے نوجوان کی شناخت اور دیگر تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔ پولیس سربراہ نے یہ ضرور بتایا تھا کہ مبینہ قاتل کا تعلق ٹیکساس کے ایک بڑے شہر ڈیلس کے قریبی مقام ایلن سے ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزم سیاہ لباس میں ملبوس تھا اور وہ چل پھر کر اندھا دھند فائرنگ کر رہا تھا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مبینہ ملزم اس کارروائی میں اکیلا تھا اور اُس کے ساتھ کوئی دوسرا شخص نہیں تھا۔

USA | Schießerei in El Paso, Texas
پولیس نے فاسرنگ کرنے والے مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/J. A. Juarez

فائرنگ کے آوازیں سن کر لوگوں نے شاپنگ مال کے ہنگامی دروازوں سے بھی بھاگ کر باہر نکلنا شروع کر دیا۔ دوسری جانب کئی خریداروں نے فوری طور پر زمین پر گرے ہوئے زخمیوں کی مدد کرنا شروع کر دی تھی۔ زخمیوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ کئی عام شہریوں نے ہسپتالوں میں جا کر خون کے عطیے بھی دیے۔ عینی شاہدین نے فائرنگ کی جگہ کو انتہائی دہشت ناک قرار دیا کیونکہ وہاں جا بجا خون بکھرا ہوا تھا۔

امریکا میں ابھی چند روز قبل ریاست کیلیفورنیا کے چھوٹے سے شہر گِل رائے میں جاری ایک مشہور فوڈ فیسٹیول میں بھی ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے تھے۔ گِل رائے میں فائرنگ کرنے والے ملزم کی عمر صرف انیس برس تھی اور اس نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

اس فائرنگ کے حوالے سے امریکی میڈیا پر انگریزی اور ہسپانوی زبان میں تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ ایل پیسو ایک سرحدی شہر ہے اور اس کی آبادی تقریباً سات لاکھ ہے۔ یہ میکسیکو کی سرحد کے قریب ایک مرکزی چیک پوسٹ سے صرف آٹھ کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔

ع ح، م م، اے پی ⁄ اے ایف پی