1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انرجی ڈرنکس، بچوں کے لیے خطرناک

20 ستمبر 2018

انرجی اور سافٹ ڈرنکس کو دنیا بھر میں وزن بڑھانے والے مشروبات کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہ بچوں کے لیے خاص طور پر نقصان دہ ہوتے ہیں۔ اسی باعث 16 سال سے کم عمر بچوں میں ان کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/35FrY
Zwei Hände mit lackierten Fingernägeln halten mehrere Energy-Drinks
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Fellens

برطانیہ کے ’رائل کالج آف پیڈیاٹرکس اینڈ چائلڈ ہیلتھ‘ کے پروفیسر رُسل وائنر کے مطابق انرجی ڈرنکس میں چینی اور کیفین کے مجموعی اثرات کے سبب بچوں کو ایسے مشروبات استعمال نہیں کرنے چاہییں۔

ایسے ممالک جہاں لوگوں کی اوسط کمائی کافی زیادہ ہے وہاں بچے چینی اور ہائی کیلوریز والے مشروبات کا کافی زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ اسی باعث اس بات کا امکان بہت کم ہوتا ہے کہ انہیں مزید انرجی یا توانائی کی ضرورت ہو۔

انرجی ڈرنکس اور سافٹ ڈرنکس میں بھی موجود بہت زیادہ چینی کے سبب عالمی سطح پر بچوں میں موٹاپے بڑھتا جا رہا ہے۔ اندازوں کے مطابق 2025ء تک دنیا بھر میں موٹاپے کا شکار بچوں کی تعداد 70 ملین سے تجاوز کر جائے گی۔

کیفین کو عالمی سطح پر ایک ایسے جزو کے طور پر جانا جاتا ہے جو کسی فرد کی کام کرنے کی صلاحیت اور توجہ کو بڑھا دیتا ہے مگر ساتھ ہی یہ اینگزائٹی یعنی ذہنی اضطراب اور نیند میں خلل کی وجہ بھی بنتا ہے۔ کیفین کو بچوں کے رویوں کے مسائل کے علاوہ  دماغ پر اثرات مرتب کرنے والے جزو کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

Pro Wein 2012 Koks Energy Drink
پروفیسر رُسل وائنر یہ مہم چلا رہے ہیں کہ برطانیہ میں انرجی ڈرنکس کا استعمال بچوں میں ممنوع قرار دیا جائے۔تصویر: DW

پروفیسر وائنر کے مطابق بچوں میں توانائی کی ضرورت ’’اچھی خوراک، تازہ دم کرنے والی نیند، ورزش اور سب سے اہم بات لوگوں کے ساتھ میل ملاپ‘‘ کے ذریعے پوری ہونی چاہیے۔

پروفیسر رُسل وائنر یہ مہم چلا رہے ہیں کہ برطانیہ میں انرجی ڈرنکس کا استعمال بچوں میں ممنوع قرار دیا جائے۔ کئی دیگر ممالک پہلے ہی یہ پابندی عائد کر چکے ہیں۔

مجموعی طور پر بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کو بھی انرجی اور سافٹ ڈرنکس سے دور ہی رہنا چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف موٹاپے کے خطرات میں اضافے کا سبب بنتے ہیں بلکہ یہ ذہنی اضطراب اور نیند میں خلل کا باعث بھی بنتے ہیں۔

سویڈن کا شوگر فری اسکول

ا ب ا / ع ح (لایسا ماری وارنیک)