1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انوکھی سزا: جاپانی ماں نے بیٹی کو 30 سنہری مچھلیاں کھلا دیں

امجد علی17 فروری 2016

جاپان میں پولیس نے بتایا ہے کہ ایک ماں نے اپنی نو عمر بیٹی کو سزا کے طور پر تیس سے زائد ننھی سنہری مچھلیاں کھانے پر مجبور کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نوعمر لڑکی کو غالباً روزانہ جبر و تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1HwbZ
Goldfisch
گھر میں رکھے اکواریم میں کیمیائی مواد ڈالنے کے نتیجے میں اُس میں موجود تیس سے زائد مچھلیاں ہلاک ہو گئیں، جنہیں ایک ایک کر کے زبردستی لڑکی کو کھلا دیا گیاتصویر: IRNA

پولیس نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ اس لڑکی کی والدہ یُوکو اوگاتا اور اُس کے شریکِ حیات تاکیشی ایگامی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا نے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ جنوب مغربی جاپان کے علاقے فُوکواوکا میں اس جوڑے نے گھر میں رکھے اکواریم میں کوئی کیمیائی مواد ڈال دیا تھا، جس کے نتیجے میں اُس میں موجود تیس سے زائد مچھلیاں ہلاک ہو گئیں۔ ٹی وی چینل این ٹی وی کے مطابق اِس کے بعد ان دونوں نے اس لڑکی کو ایک ایک کر کے زبردستی یہ ساری مچھلیاں کھلا دیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ مچھلیاں کھانے سے اس لڑکی کی صحت کو البتہ کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ سال جون میں پیش آیا تھا۔

مقامی میڈیا اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس نوعمر لڑکی پر جبر و تشدد کا یہ پہلا واقعہ نہیں تھا۔ گزشتہ سال بھی اس جوڑے پر یہ فردِ جرم عائد کی گئی تھی کہ اُس نے اس لڑکی کو ایک رسی کے ذریعے ایک بستر کے ساتھ باندھ دیا تھا، چہرے پر ضربیں لگائی تھیں اور سگریٹ کی مدد سے اُس کی زبان جلا دی تھی۔

متعدد مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ اس مرتبہ اس جوڑے کو گرفتار کیے جانے کا واقعہ بھی پانچویں مرتبہ پیش آیا ہے۔ جاپان میں گھر کی چار دیواری کے اندر بچوں کو اس بُری طرح سے مارے پیٹے جانے کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔

ابھی گزشتہ مہینے ایک تین سالہ بچی اُس وقت چل بسی تھی، جب اُس کی ماں نے جان بوجھ کر اُس پر کھولتا ہوا پانی ڈال دیا تھا، جس سے وہ بری طرح سے جل گئی تھی۔ وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ متعلقہ محکمے آج کل اوسطاً ایسے نواسی ہزار کیسز نمٹا رہے ہیں اور یہ تعداد ایک نیا ریکارڈ ہے۔

Altenheim in Japan
ایک جاپانی اولڈ پیپلز ہوم کا منظر، جاپان میں بزرگوں کے خلاف بھی جبر و تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

بچوں کے ساتھ ساتھ جاپان میں بزرگوں کے خلاف بھی اس طرح کے تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ابھی پیر کے روز ایک نرسنگ ہوم کے ایک سابق کارکن کی گرفتاری عمل میں آئی، جس پر الزام ہے کہ اُس نے 2014ء میں اِس نرسنگ ہوم میں داخل ایک ستاسی سالہ بزرگ کو بالکنی سے دھکا دے کر نیچے گرا دیا تھا، جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہو گئی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس کارکن نے اعتراف کیا کہ اُسی سال اُس نے تقریباً اِسی عمر کے دو مزید بزرگوں کو بھی اسی طرح بالکنی سے نیچے گرا کر ہلاک کیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید