1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ نے 24 برس بعد آسٹریلوی سرزمین پر ایشز سیریز جیت لی

7 جنوری 2011

انگلینڈ نے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 83 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے سیریز بھی تین ایک سے اپنے نام کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/zuXr
آسٹریلوی بیٹس مین عثمان خواجہتصویر: picture alliance/empics

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا کا اسکور 213 رنز تھا جب کہ اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ میزبان ٹیم کے باقی تین کھلاڑی بھی کھیل کے پانچویں دن کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا پائے اور کھانے کے وقفے سے قبل ہی پوری آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 280 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کے بولرز نے آخری دن کھانے کے وقفے سے قبل ہی پیٹر سِڈل، بین ہلفن ہاؤس اور مائیکل بیئر کو پویلین کی راہ دکھائی اور جیت اپنے نام کرلی۔ برطانوی ٹیم کی طرف سے نمایاں بولرز جے ایم اینڈرسن اور بریسنن رہے جنہوں نے بالترتیب چار اور تین وکٹیں حاصل کیں۔

پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے ٹاس آسٹریلوی کپتان کلارک نے جیتا اور پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ان کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 281 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلش بلے بازوں نے اس کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 644 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ انگلش ٹیم کی اننگز کی خاص بات تین سنچریاں رہی۔ اے این کوک نے 189 رنز اسکور کیے، آئی آر بیل نے 115 رنز جبکہ ایم جے پرایئر نے 118 رنز بنائے۔

Cricket - 2010 Ashes Series
انگلینڈ نے آسٹریلوی سرزمین پر گزشتہ 24برس میں پہلی مرتبہ ایشز سیریز جیتی ہےتصویر: picture alliance/empics

انگلینڈ نے رواں سیریز کے دوران میزبان آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ، میلبورن اور سڈنی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں میں شکست دی۔ آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میں فتح حاصل کی تھی جبکہ برسبین میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔

گزشتہ 24 برس کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ مہمان ٹیم انگلینڈ نے آسٹریلوی سرزمین پر ایشز سیریز جیتی ہے۔ اس سے قبل کپتان مائک گیٹنگ کی سربراہی میں انگریز ٹیم نے 1986-87 میں آسٹریلوی ٹیم کو دوایک سے شکست دی تھی۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں