1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایپل کے اسٹیو جابز نہیں رہے

6 اکتوبر 2011

معروف امریکی کمپیوٹر کمپنی ایپل کے شریک بانی اور سابق سربراہ اسٹیو جابز انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر چھپن برس تھی۔ ایپل نے بدھ کو مختصر بیان میں کہا کہ اسٹیو جابز اب ہم میں نہیں رہے۔

https://p.dw.com/p/12mkI
اسٹیو جابز میک بُک کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک بیان میں کہا: ’’ہم بہت دُکھ سے یہ اعلان کر رہے ہیں کہ اسٹیو جابز آج ہم میں نہیں رہے۔‘‘

اپیل کے اس اعلامیے میں کہا گیا : ’’اسٹیو کی ذہانت، جذبہ اور توانائی بے شمار ایجادات کا ذریعہ تھی، جن کی وجہ سے ہماری زندگیاں بہتر بنی ہیں۔ دنیا ان کی وجہ سے ناقابلِ بیان حد تک بہتر ہو چکی ہے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا: ’’ان کی عظیم محبتیں ان کی اہلیہ لورین اور ان کے خاندان کے لیے تھیں۔ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ بھی سوگوار ہیں، جو جابز کے غیرمعمولی تحائف سے متاثر ہیں۔‘‘

اس اعلامیے میں زیادہ تفصیلات نہیں دی گئیں۔ اسٹیو جابز لبلبے کے سرطان میں مبتلا تھے جبکہ انہیں صحت کے بعض دیگر مسائل کا بھی سامنا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں لبلبے کے سرطان کی بہت مختلف قسم کا سامنا تھا۔

Apple-Gründer Jobs gestorben
جابز کو ایپل کا دل اور روح قرار دیا جاتا تھاتصویر: dapd

دنیا کو آئی پوڈ اور آئی فون دینے والے سیلیکون ویلی کے اسٹیو جابز نے اگست میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے کمپنی کی باگ ڈور موجودہ چیف ایگزیکٹو ٹم کُک کے حوالے کر دی تھی۔

چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑنے کے باوجود وہ ابھی تک بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین تھے۔ انہیں ایپل کے دِل اور روح سے تعبیر کیا جاتا رہا ہے جبکہ ان کا شمار امریکی کمپنیوں کے نامور سربراہان میں کیا جاتا رہا ہے۔

اسٹیو جابز کی موت سے ایک روز قبل ایپل نے آئی فون فور ایس متعارف کرایا تھا، اس کے لیے کیلیفورنیا میں ایپل کے ہیڈکوارٹرز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ آئی فون کے ساتھ ایپل کی دیگر مصنوعات میں آئی پوڈ، آئی پیڈ بھی شامل ہیں۔

 

رپورٹ: ندیم گِل خبررساں ادارے

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں