1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک سو سے زائد زہریلے کوبرا سانپ بس میں سے برآمد

عابد حسین
25 نومبر 2016

ویتنامی پولیس نے ایک بس میں سے ایک سو سے زائد زہریلے کوبرا سانپ اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ ان زندہ سانپوں کو بڑے بڑے صندوق میں بند کر کے لے جایا جا رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/2TEYp
Bildergalerie IUCN Bedrohte Tierarten
تصویر: Bosse Jonsson

ویتنام کے صوبے ڈاک نوگ میں جس بس میں زندہ سانپوں والے ڈبے رکھے گئے تھے، اُس میں ڈرائیور کے علاوہ صرف چار مسافر سوار تھے۔ بقیہ ساری بس میں 120 کوبرا سانپ پلاسٹک کے صندوقوں میں ڈال کر سیٹوں پر رکھے ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ایسے کُل پندرہ ڈبے تھے، جن میں کوبرا سانپوں کو بند کیا گیا تھا۔

 پولیس نے ابتدائی چھان بین اور پوچھ گچھ کے بعد مسافروں اور ڈرائیور کو اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ اسی طرح بس بھی مقامی تھانے میں بند کر دی گئی ہے۔ پولیس نے کوبرا سانپوں کے حامل یہ تمام پندرہ صندوق بھی اپنی تحویل میں لے کر انہیں کسی محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ویتنام میں ایسے جانوروں کی ترسیل خلافِ قانون ہے، جن سے انسانی جان کو خطرہ لاحق ہو۔

Schlangengift Schlange Gift Melken
کوبرا سانپ کا زہر کئی روایتی ادویات میں بھی ساتعمال کیا جاتا ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Berry

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ممکنہ طور پر پولیس نے یہ کارروائی کسی مخبری کے نتیجے میں کی ہے۔ حراست میں لیے جانے کے بعد بس کے ڈرائیور نے اعترافی بیان دیتے ہوئے کہا کہ اُس کو بتایا گیا تھا کہ زندہ کوبرا سانپوں کو شمالی صوبے وِن پھُک کے ایک مقام سے شمالی تجارتی شہر ہوچی مِنہ سٹی منتقل کرنے کے لیے بس کی بکنگ کرائی گئی ہے۔

ڈرائیور نے یہ بھی کہا کہ اُس نے بکنگ کرانے والوں سے یقین دہانی لی تھی کہ ان سانپوں کی منتقلی نہایت حفاظت کے ساتھ ہوگی وگرنہ وہ اُن سمیت اُسے بھی ڈس کر ہلاک کر دیں گے۔ اس بیان میں اُس نے کہا کہ تمام کوبرا سانپوں کو پلاسٹک کے صندوقوں میں بند دیکھ کر انہیں بس کی سیٹوں پر احتیاط کے ساتھ رکھا گیا۔

Schlachthaus für Schlangen in Indonesien
سانپ چین، جاپان اور تائیوان میں دوا کے علاوہ خوراک کے طور پر بھی استعمال کیے جاتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

قبضے میں لیے گئے تمام کوبرا سانپ پورے جوان اور صحتمند دکھائی دے رہے تھے۔ ان ایک سو بیس سانپوں کا مجموعی وزن 220 کلوگرام (484 پاؤنڈ) بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اپنی اس کارروائی پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ مشرقِ بعید کے کئی ملکوں میں سانپ کی ڈِش کو انتہائی مہنگا اور لذید خیال کیا جاتا ہے مگر کوبرا سانپ کی ڈش اشرافیہ کے دسترخوانوں پر امارت کی نشانی کے علاوہ ایک مرغوب خوراک قرار دی جاتی ہے۔ ان ملکوں میں چین، تائیوان، ویتنام اور جاپان سمیت کئی قریبی ہمسایہ ملک شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ اس کی جلد کو تجارتی بنیاد پر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ کوبرا سانپ کا زہر کئی روایتی ادویات کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔