1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بدن سے میٹھی خوشبو: ٹافی کھائیے، پسینے کی بو بھگائیے

عدنان اسحاق8 دسمبر 2014

پسینے کی بو پر قابو پانے کے لیے لوگ ڈیوڈورنٹ لگاتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ غسل کے بعد انہیں استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اب بلغاریہ کے ایک صنعت کار نے کھانے والا ڈیوڈورنٹ متعارف کرایا ہے۔

https://p.dw.com/p/1E0y5
تصویر: Fotolia/dandaman

عام طور پر ڈیوڈورنٹ کے اسپرے یا رول مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ تاہم اب ٹافیاں بنانے والی بلغاریہ کی ایک فیکٹری نے ایک ایسی ٹافی تیارکی ہے کہ جسے کھانے کے بعد ڈیوڈورنٹ لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس کمپنی کے مالک وینٹسلاو پیشیو کہتے ہیں کہ ’’ ایک پرانی کہاوت ہے کہ حقیقی خوبصورتی اندر سے آتی ہے تو کیوں نہ اس کی وجہ ان کی کمپنی کی تیار کردہ ایک کینڈی ہو‘‘۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کینڈی جسم کو تعدیل یا نیوٹرالائز کر دے گی، جس کی وجہ سے جسم سے چھ گھنٹوں تک میٹھی سی خوشبو آتی رہے گی۔ تاہم اس کا تعلق کینڈی کی تعداد اور کھانے والے کے قد کاٹ سے ہو گا۔ اس کینڈی کے تمام تر اجزاء قدرتی ہیں اس وجہ سے اس کے کوئی بھی مضر اثرات نہیں ہیں اور یہ بہت تیزی سے عمل کرتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پیشیو نامی ان کینڈیز میں تین ملی گرام جیرانیول، روز واٹر یا عرق گلاب یا لونڈز نامی پھول کا تیل شامل ہو گا۔ جیرانیول خوشبو کی ایک خاص قسم ہے، جسے صابن اور عطریات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ بلغاریہ یورپی یونین کا غریب ترین ملک ہے اور یہاں سے ایک بڑی مقدار میں عرق گلاب دیگر ملکوں کو برآمد کیا جاتا ہے۔ وینٹسلاو پیشیوکہتے ہیں ’’ جیرانیول لہسن کا متقابل ہے‘‘۔

Deodorant
تصویر: imago/CTK/CandyBox

یہ دیکھنے میں ایک مارکیٹ میں دستیاب دیگر کینڈیز کی طرح ہے۔ اس کی مختلف اقسام ہیں۔ اس کی ایک قسم چوسنے کے لیے ہے جبکہ دوسری کو چیونگ گم کی طرح چبایا جا سکتا ہے۔ پیشیو کینڈی شوگر فری بھی دستیاب ہے۔ یہ جاپانی سائنسدانوں کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کو دیکھتے ہوئے تیار کی جا رہی ہیں، جس کے مطابق تیل کی یہ اقسام ہضم ہونے کے بجائے جلد سے خارج ہوتی ہیں۔

اس اختراع کو گزشتہ برس فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ہونے والے ایک مقابلے میں خصوصی انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔ یہ کینڈی امریکا، ایشیا اور یورپ کے کئی ملکوں میں دستیاب ہے اور اس کے ایک پیکٹ کی قیمت تقریباً پانچ یورو تک ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کوئی نئی ایجاد نہیں ہے ۔ اس سے قبل جاپان میں اس قسم کی چیونگ گم دستیاب تھیں تاہم اب ’’اوٹوکا کاؤرو‘‘ کی پیداوار روک دی گئی ہے۔