1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برازیل کے اسٹار فٹ بالر نیمار زخمی

5 جولائی 2014

نیمار جونیئر کولمبیا کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے ایک میچ میں زخمی ہونے کے بعد عالمی کپ کے باقی میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اس صورت حال کو برازیل کی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CWFT
تصویر: Reuters

آب دیدہ فٹ بال اسٹار نیمار کو جمعے کی شب کولمبیا کے خلاف میچ کے دوران اسٹریچر کے ذریعے میدان سے باہر لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں کے معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ نیمار کی کمر کی ہڈی فریکچر ہوئی ہے اور یہ کہ وہ برازیل میں کھیلے جا رہے فیفا عالمی کپ کے بقیہ مقابلوں میں اب حصہ نہیں لے سکیں گے۔ نیمار کو یہ چوٹ کولمیبا کے ایک کھلاڑی کی میچ کے دوران گیند حاصل کرنے کی کوشش کے دوران لگی تھی۔

بائیس سالہ نیمار برازیل کے سب سے مقبول کھلاڑی ہیں۔ وہ ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے لیے اسٹرائکر کے طور پر بھی کھیلتے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ میں انہوں نے اب تک کھیلے گئے میچوں میں چار گول کیے ہیں۔ ان کا شمار ٹورنامنٹ کے ان صف اوّل کے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن میں ارجنٹائن کے لیونل میسی بھی شامل ہیں۔

نیمار کے زخمی ہونے کے باوجود برازیل کی ٹیم کولمبیا کے خلاف میچ دو ایک سے جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ سیمی فائنل میں ورلڈ کپ کے میزبان ملک برازیل کا مقابلہ جرمنی کی ٹیم سے آٹھ جولائی کو ہوگا۔ نیمار کا اس موقع پر زخمی ہونا ان کی ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمنی کے خلاف برازیل کو ایک سخت میچ کھیلنا پڑ سکتا ہے۔ جرمنی کی ٹیم گزشتہ روز فرانس کو ایک صفر سے مات دے کر سیمی فائنل تک پہنچی ہے۔ نیمار کی برازیل کی ٹیم میں عدم موجودگی جرمنی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

آج ہفتے کے روز دو مزید کوارٹر فائنل کیھلے جائیں گے۔ ارجنٹائن کی ٹیم بیلجئم کے خلاف جب کہ ہالینڈ کوسٹا ریکا کے خلاف میچ کھیلے گی۔ ان دو کوارٹر فائنلز کی فاتح ٹیمیں ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کھیلں گی۔ ارجنٹائن اور بیلجئم کے میچ کو میسی بمقابلہ بیلجئم قرار دیا جا رہا ہے۔ ارجنٹائن اب تک کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے تاہم میسی کے اعلیٰ کھیل کی وجہ سے یہ جنوبی امریکی ٹیم اپنے تمام میچ جیتتی آئی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ کا فائنل تیرہ جولائی کو برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ماراکانا کے مقبول اور معروف میدان پر کھیلا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید