1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی فٹ بال کلب ليورپول چيمپئنز ليگ کا فاتح

2 جون 2019

برطانوی فٹ بال کلب ليور پول نے يورپی فٹ بال کی چيمپئنز ليگ کے فائنل مقابلے ميں ايک اور برطانوی کلب ٹوٹن ہيم کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر ليا ہے۔ ليور پول اب چھ مرتبہ چيمپئنز ليگ جيت چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/3JcYz
UEFA Champions League Finale | Tottenham Hotspur v FC Liverpool
تصویر: Reuters/S. Perez

ہسپانوی دارالحکومت ميڈرڈ ميں يکم جون کی شب کھيلے گئے چیمپئنز ليگ کے فائنل میں لیور پول نے ٹوٹن ہیم کو دو صفر سے مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ليور پول کے ليے محمد صالح اور اوريگی نے ايک ايک گول اسکور کیا۔ انگلش کلب لیور پول نے گزشتہ سات برسوں میں پہلی مرتبہ کوئی ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ مجموعی طور پر اب يہ کلب چھ مرتبہ چيمپئنز ليگ جيت چکا ہے۔

لیور پول کی ٹيم کے جرمن کوچ ژورگن کلاپ نے اس کامیابی پر کہا ہے کہ مستقبل میں ان کا کلب مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ کلاپ اس سے قبل چھ مختلف ٹيموں کے ساتھ کسی بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ کے چھ فائنل  میچوں تک پہنچ چکے تھے تاہم يہ پہلا موقع تھا کہ وہ فائنل ميں سرخرو ہوئے۔

محمد صالح
محمد صالح تصویر: Reuters/S. Vera

2016ء ميں يوروپا ليگ فائنل اور پچھلے سال چيمپئنز ليگ کے فائنل ميں شکست کے بعد اس بار ليورپول نے موقع ہاتھ سے نہ جانے ديا۔ مصری فارورڈ محمد صالح نے شروع ہی ميں ايک پينلٹی پر گول اسکور  کر ديا جبکہ آخری لمحات ميں ڈيوک اوريگی نے ايک اور گول کرتے ہوئے اپنی ٹيم کی جيت کو يقينی بنا ديا۔ برطانوی کلب فٹ بال ميں سن 2012 ميں ليگ کپ کے فائنل ميں کارڈف سٹی کو ہرانے کے بعد يہ ليور پول کی کسی بڑے ٹورنامنٹ ميں پہلی ٹرافی ہے۔

اس کاميابی کا سہرا ليورپول کے جرمن کوچ ژورگن کلاپ کو بھی جاتا ہے جن کی حمکت عملی کو اس وقت دنيائے فٹ بال ميں سراہا جاتا ہے۔ بعد ازاں کلاپ نے بات چيت ميں کہا، ’’اب ہمارے پاس کچھ ہے اور ہم اس کے ساتھ آگے بڑھيں گے۔‘‘

ع س / ع ب، نيوز ايجنسياں