1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برلن میں ’طیفا ان ٹربل‘ کا پریمیئر

22 جولائی 2018

برلن میں پاکستانی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے سنیما ہال میں بیٹھے مداحوں کو سیٹیاں بجانے اور قہقہے لگانے پر مجبور کردیا۔ فلم بینوں نے جب سنیما ہال چھوڑا تو فلم کے گانے ’چن وے’ اور ’آئٹم نمبر نہیں کروں گی’ ان کے لبوں پر تھے۔

https://p.dw.com/p/31sUc
Deutschland Berlin Premiere des Films "Teefah in Trouble"
تصویر: DW/I. Aftab

معروف اداکار و گلوکار علی ظفر کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ جہاں برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور پاکستان سمیت پچیس مختلف ممالک میں ریلیز کی گئی، تو وہیں جرمن دارالحکومت برلن میں فلم کا ریڈکارپیٹ پریمیئر منعقد کیا گیا۔ بابی لون سنیما میں پاکستان، بھارت اور جرمن شائقین نے فلم میں علی ظفر کو ’طیفے’ کے من چلے کردار میں بہت پسند کیا، جس کے بعد لگتا ہے طیفا ’ٹربل‘ میں نہیں بلکہ مزے میں ہے۔ اس موقعہ پر بھارتی نژاد جرمن شہری بِندیا نے پاکستانی فلموں کے اس نئے انداز کی پذیرائی کی اور کہا، ’’پاکستانی فلموں کا معیار بھی اب بالی ووڈ سے کم نہیں۔‘‘

دوسری جانب برلن میں تعلیم حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ ندا کو فلم میں مایا خان اور علی ظفر کے جوڑی بہت پسند آئی۔ ’طیفا ان ٹربل‘ میں علی ظفر ایک لاہوری لڑکے (طیفے) اور مایا علی پولینڈ میں پرورش حاصل کرنے والی پاکستانی لڑکی (آنیا) کے کردار میں نظر آئی ہیں۔ دونوں فنکاروں کی یہ پہلی پاکستانی فلم ہے۔ اس سے قبل علی ظفر بالی ووڈ میں ’میرے برادر کی دلہن’، ’کل بل‘، ’لندن پیرس نیویارک’ اور ’چشم بددور’ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ جب کہ پاکستانی ڈراموں کی معروف فنکارہ مایا علی کی بھی یہ ڈیبیو فلم ہے۔

Deutschland Berlin Premiere des Films "Teefah in Trouble"
تصویر: DW/I. Aftab

دال میں کچھ کالا ہے یا محض الزام تراشی

پابندی نے فلم ’تیرے بن لادن‘ کو مشہور کردیا

ایک اور طالب علم سائرہ چاہتی ہیں ’’پاکستانی فلموں کا معیار بہتر ہونے کی وجہ سے اب ان کو بھرپور طریقے سے دنیا بھر میں پروموٹ کیا جانا چاہیے۔‘‘

اڑتیس سالہ گلوکار و فنکار علی ظفر نے فلم کے آغاز میں برلن کے شہریوں کے نام ایک ویڈیو پیغام میں کہا، ’’اس فلم کو اپنی فلم سمجھتے ہوئے کامیاب بنائیں اور پاکستانی سنیما کا ساتھ دیتے رہیں۔‘‘

برلن میں فلم کی نمائش کے سلسلے میں علی ظفر نے سفیر پاکستان جوہر سلیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں سفیر پاکستان نے ڈی ڈبلیو اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’جرمنی میں سنیما کی صنعت میں پاکستانی فلموں کو ابتدا میں مدد کی ضرورت ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں کا معیار بہتر ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستانی فلموں کی ’کمرشل ویلیو’ میں اضافہ ہوگا۔‘‘

اسی کے ساتھ سفیر پاکستان نے بتایا، ’’برلن میں بہت جلد ’پاکستان فلم ویک‘ بھی منعقد کیا جائے گا۔‘‘

Deutschland Berlin Premiere des Films "Teefah in Trouble"
تصویر: DW/I. Aftab

'طیفا ان ٹربل‘ فلم کی ریکارڈنگ یورپی ملک پولینڈ میں بھی کی گئی ہے۔ پاکستانی نژاد جرمن اداکارہ فیا خان نے فلم میں جاوید شیخ کی اہلیا ’صوفیہ‘ کا کردار نبھایا ہے۔ برلن میں پریمیئر کے موقعہ پر اداکارہ فیا خان کا کہنا تھا کہ ’’طیفا ان ٹربل‘‘ میں کام کرنا ان کے لیے ایک منفرد تجربہ تھا اور آج برلن میں اپنی پاکستانی فلم کی نمائش دیکھ کر وہ بہت فخر محسوس کر رہی ہیں۔ اسی کے ساتھ فلم میں آنیا کے بوائے فرینڈ ’ٹوم‘ کا کردار برطانوی ماڈل و فنکار ٹام کولسٹن نے نبھایا ہے۔ بابی لون سنیما میں ریڈ کارپیٹ کے موقع پر ٹام نے ڈی ڈبلیو اردو کو بتایا، ’لندن فیشن ویک کے دوران ان کی ملاقات علی ظفر سے ہوئی تھی، جس کے بعد علی نے ان کو یہ کردار آفر کیا، وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان میں شائقین ان کی فن کاری کو پسند کریں گے۔‘‘

طیفا ان ٹربل کی کہانی علی ظفر اور ان کے بھائی دانیال ظفر نے مشترکہ طور پر لکھی ہے۔ جبکہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف نام احسن رحیم نے سرانجام دیے ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں علی ظفر اور مایا علی کے علاوہ پاکستان کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ، محمود اسلم، نیر اعجاز اور فیصل قریشی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے پاکستانی میڈیا کے مطابق علی ظفر کی فلم نے پہلے ہی دن 2 کروڑ 31 لاکھ روپے کا بزنس حاصل کیا ہے جوکہ پاکستان سنیما کی سب سے کامیاب اوپننگ ہے۔