1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بریگزٹ ڈیل کا مسودہ، کیا کچھ طے پایا ہے؟

15 نومبر 2018

یورپی یونین اور برطانیہ بریگزٹ معاہدے کے مسودے پر متفق ہو گئے ہیں۔ کونسی معاشی شرائط طے پائی ہیں، برطانیہ اور یورپی یونین کے شہریوں کو کون سے حقوق فراہم کیے گئے ہیں اور یہ سارا عمل کب تک مکمل کر لیا جائے گا؟

https://p.dw.com/p/38J1F
EU Brexitabkommen vorgestellt | Antonio Tajani und Barnier
تصویر: Reuters/V. Kessler

اٹھارہ ماہ کے طویل مذاکرات کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ نے پانچ سو پچاسی صفحات پر مبنی ایک بریگزٹ ڈیل کے مسودے پر اتفاق کر لیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے اپنی کابینہ سے اس کی حمایت حاصل کر لی ہے لیکن ان پر اس حوالے سے شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ اس معاہدے کے اہم نکات مندرجہ ذیل ہیں۔

شہریت کے حقوق

  • یورپی یونین میں برطانوی اور برطانیہ میں یورپی یونین کے شہریوں کے حقوق محفوظ بنائے جائیں گے۔
  • ایسے برطانوی شہری، جو معاہدے پر عمل درآمد کے وقت تک یورپی یونین میں پانچ برس تک قیام کر چکے ہوں گے، وہ کسی بھی رکن ملک کی شہریت لے سکتے ہیں۔ یہی قانون یورپی یونین کے ایسے شہریوں کے لیے ہے، جو برطانیہ میں مقیم ہیں۔
  • برطانیہ میں رہنے والے یورپی شہری اپنے قریبی اہلخانہ کو بھی اپنے پاس بلا سکتے ہیں۔
  • ملازمین اور کاروباری شہریوں کو وہی وسیع تر حقوق فراہم کیے جائیں گے، جو انہیں اب حاصل ہیں۔

  عبوری مدت

  • اس معاہدے پر دسمبر دو ہزار بیس تک مکمل طور پر عملدرآمد ممکن بنایا جائے گا۔ یہ مجموعی طور پر اکیس مہینے بنتے ہیں۔
  • یکم جولائی دو ہزار بیس سے پہلے پہلے عبوری مدت میں مزید اضافہ کرنے کی اجازت ہو گی۔
  • یورپی یونین کے قوانین برطانیہ میں اس وقت تک لاگو ہوں گے، جب تک بریگزٹ معاہدے میں اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہو جاتی۔
  • عبوری مدت کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ کی ایک مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی، جو کہ حتمی معاہدے کی نگرانی کرے گی اور باہمی رضامندی سے اسی معاہدے کے اندر رہتے ہوئے مزید فیصلے کیے جا سکیں گے۔

مالی شرائط

  • برطانیہ سن دو ہزار انیس اور بیس میں بھی یورپی یونین کے سالانہ بجٹ میں اپنا حصہ دے گا۔
  • اگر عبوری مدت میں اضافہ کیا جاتا ہے تو پھر سن دو ہزار بیس کے بعد بھی برطانیہ کو بجٹ میں اپنا حصہ دینا گا۔
  • یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین ’پیسوں کا لین دین‘ پینتیس سے انتالیس بلین پاؤنڈز تک ہو سکتا ہے۔

آئرلینڈ اور کسٹم یونین

  • اگر یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین کسٹم کے حوالے سے مناسب اقدامات نہ ہو سکے تو ایک بیک اپ پلان کے طور پر  ’سنگل کسٹم ٹیرٹری‘ کا نفاذ کیا جائے گا۔
  • ’سنگل کسٹم ٹیرٹری‘ مچھلی کی مصنوعات کے علاوہ تمام مصنوعات کا احاطہ کرے گی۔
  • ’سنگل کسٹم ٹیرٹری‘  نظام عارضی ہو گا اور اور اس نظام کے تحت برطانیہ اور یورپی یونین کے رکن ملک آئرلینڈ اور نارتھ آئرلینڈ کے مابین سرحد کو کھلا رکھا جائے گا۔
  • برطانیہ سن انیس سو اٹھانوے کے ’گُڈ فرائیڈے‘ معاہدے پر عمل درآمد کا پابند ہوگا جبکہ آئرلینڈ اور نارتھ آئرلینڈ کے ساتھ سرحدی رکاوٹیں کھڑی نہیں کی جائیں گی۔

آئندہ کیا ہوگا؟

یورپی یونین نے پچیس نومبر کو ایک اجلاس طلب کیا ہے، جس میں بریگزٹ معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اس کے بعد برطانیہ یہ اس معاہدے کو منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کرے گا، جہاں بہت سے اراکین اس معاہدے کے خلاف بھی ہیں۔

اگر برطانوی پارلیمان میں اس کو منظور کر لیا جاتا ہے تو اس پر عمل درآمد کے لیے دو طرفہ اقدامات شروع ہو جائیں گے۔

ا ا / ع ت ( ڈی ڈبلیو)