1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کے نئے سیزن کا آغاز، ایک تعارف

7 اگست 2009

ان 18میں سے ہر ٹیم باقی تمام ٹیموں میں سے ہر کسی کے ساتھ دو میچ کھیلتی ہے۔ مثلاً گزشتہ سال کی چیمپئن ٹیم وولفس بُرگ اپنا ایک میچ اگرمیونخ کی ٹیم کے خلاف اپنے شہر میں کھیلے گی تو دونوں کے مابین دوسرا میچ میونخ میں ہو گا۔

https://p.dw.com/p/J5Rf
بنڈس لیگا کے نئے سیزن کا آغاز ہو گیا ہےتصویر: picture-alliance / Pressefoto ULMER

اس طرح بنڈس لیگا میں ہر ٹیم کُل 34 میچ کھیلتی ہے اور مجموعی طور پر پورے سیزن کے تمام میچوں کی تعداد سینکڑوں میں بنتی ہے۔ ان جملہ میچوں کے لئے انتظامی طور پر کوشش کی جاتی ہے کہ وہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کھیلے جائیں۔ تمام ٹیموں کے مابین کسی ایک ہفتہ میں ہونے والے کُل نو میچوں کو ملا کر ایک میچ ڈے کا نام دیا جاتا ہے۔

بعض اوقات بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے شیڈیول کے باعث ان میچوں کے دنوں میں رد و بدل بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔

2009 Mannschaftsbild TSG 1899 Hoffenheim
ہوفن ہائیم کی ٹیم موسم خزاں کی چیمپیئن تو بن گئی تھی مگر سیزن کے اختتام تک مجموعی درجہ بندی میں وہ کافی نیچے چلی گئی تھیتصویر: dpa


موسم خزاں کا چیمپئین کلب

بنڈس لیگا میں جب 17 میچ ڈے مکمل ہو جاتے ہیں تو سردیوں کے وقفے کا وقت آ جاتا ہے۔ سیزن کے پہلے نصف حصے کے دوران اول نمبر پر رہنے والی ٹیم کو موسم خزاں کی چیمپیئن قرار دیا جاتا ہے، جو کہ باقاعدہ کی بجائے دراصل ایک غیر رسمی اعزاز ہوتا ہے۔

گزشتہ سیزن کے بنڈس لیگا مقابلوں میں ہوفن ہائیم کی ٹیم نے پہلے نصف حصے میں ہونے والے میچوں میں اپنی دھاک بٹھا دی تھی مگر بعد میں اس کے کئی اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے باعث یہ ٹیم ٹاپ پوزیشن سے بہت نیچے چلی گئی تھی۔ پچھلے سال موسم سرما میں ہوفن ہائیم کی ٹیم موسم خزاں کی چیمپیئن تو بن گئی تھی مگر سیزن کے اختتام تک مجموعی درجہ بندی میں وہ کافی نیچے چلی گئی تھی۔

Schalke 04 - Werder Bremen Treffer Höwedes
بنڈس لیگا کے ہر سیزن سے قبل کھلاڑیوں کے تبادلے سے معاہدوں کو حتمی شکل بھی دی جاتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

کھلاڑیوں کے تبادلے اور معاہدے

بنڈس لیگا کے ہر سیزن سے قبل کھلاڑیوں کے تبادلے سے معاہدوں کو حتمی شکل بھی دی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر گزشتہ سال کی چیمپیئن ٹیم وولفس بُرگ کے بوسنیا سے تعلق رکھنے والے ایک اہم کھلاڑی Zvjezdan Misimovic نے اپنی کلب کے ساتھ معاہدے میں ایک سال کی توسیع قبول کر لی۔ ان کا بنیادی معاہدہ سن 2012 میں ختم ہو رہا تھا۔ اس کے علاوہ وولفس بُرگ کے دوسرے اہم فارورڈ کھلاڑیوں Grafite اور Edin Dzeko نے بھی اپنے اپنے معاہدوں میں توسیع کو قبول کرلیا ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نےپچھلے سیزن میں اپنی ٹیم کی طرف سے کُل 54 گول کئے تھے جو ان کی حیران کن صلاحیتوں کا منہہ بولتا ثبوت ہے۔

گزشتہ سیزن کی بنڈس لیگا میں وولفس بُرگ کے تینوں فارورڈ کھلاڑیوں کا کھیل بہت شاندار رہا تھا اور اپنی کلب کو قومی چیمپیئن بنانے میں ان کا کردار واقعی انتہائی اہم تھا۔

دوسری جانب بنڈس لیگا کی بہت امیر اور اہم کلب بائرن میونخ نے نئے سیزن کے لئے ماریو گومیز کو اپنے کلب میں شامل کر لیا ہے۔ گومیز کی میونخ منتقلی کا معاہدہ 30 ملین یورو کے عوض طے پایا۔ وہ اس سے قبل شٹٹ گارٹ کی ٹیم کے ساتھ وابستہ تھے۔

Fußball Bundesliga VfL Wolfsburg - Bayer Leverkusen
عالمی مالیاتی بحران کے اثرات جرمن اقتصادیات پر بھی واضح انداز میں دکھائی تو دیتے ہیں لیکن بنڈس لیگا اس بحران سے قطعا متاثر نہیں ہوئیتصویر: picture-alliance/ dpa


نئے کوچ

جرمنی کی اہم ترین فٹ بال کلب بائرن میونخ کو گزشتہ سال خراب کارکردگی کا سامنا رہا۔ جرمنی کی قومی ٹیم کے سابقہ کوچ ژورگن کلنز مان کی جگہ اب van Gaal Louis کو نیا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی آمد کے بعد کلب کے کھلاڑیوں میں رد و بدل کے حوالے سے خاصی سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے۔ میونخ نے یوکرائن کے معروف مِڈ فیلڈر Anatoliy Tymoshchuk کے ساتھ بھی معاہدہ کر لیا ہے۔ وہ اس سے قبل روس میں سینٹ پیٹرز برگ کی ایک کلب سے منسلک تھے۔ اسی طرح کروشیا کے فٹ بالر Danijel Pranjic اور ہالینڈ کے مشہور دفاعی کھلاڑی Edson Braafheid کی میونخ کی ٹیم میں شمولیت کے لئے دس ملین یورو کے عوض ٹرانسفر کا معاہدہ طے ہوا۔

Fußball Bundesliga TSG 1899 Hoffenheim - FC Energie Cottbus 2:0
مختلف کلبوں نے مختلف کھلاڑیوں کے حصول کے لئے 178 ملین یورو سے زائد مالیت کے نئے معاہدے کئے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

میونخ کے بہت اہم فارورڈ کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی اب کولون کی ٹیم میں شامل ہو چکے ہیں۔ ان کی کولون ٹرانسفر پر بائرن میونخ کی انتظامیہ کو دس ملین یورو ملے۔ بریمن کی ٹیم نے بھی برازیل کے ڈیگو کو حاصل کرنے کے لئے 24.5 ملین یورو خرچ کئے۔

گزشتہ سال کی چیمپیئن ٹیم وولفس بُرگ نئے سیزن کے لئے نئے کوچ کی خدمات حاصل کر چکی ہے۔ وولفس بُرگ کے سابقہ کوچ ماگاتھ اب شالکے نامی کلب جوائن کر چکے ہیں۔ اب شٹٹ گارٹ کی ٹیم کے پچھلے سال برطرف کر دئے جانے والے کوچ Armin Veh وولفس بُرگ کی ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔ سات اگست سے شروع ہونے والے بنڈس لیگا کے نئے سیزن میں بے شمار تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ کُل 18 کلبوں میں سے آٹھ نے اپنے لئے نئے کوچوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔

عالمی مالیاتی بحران کے اثرات جرمن اقتصادیات پر بھی واضح انداز میں دکھائی تو دیتے ہیں لیکن بنڈس لیگا اس بحران سے قطعاً متاثر نہیں ہوئی۔ مختلف کلبوں نے مختلف کھلاڑیوں کے حصول کے لئے 178 ملین یورو سے زائد مالیت کے نئے معاہدے کئے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان سمجھوتوں کا اصل مالی حجم ان رقوم سے کہیں زیادہ بنتا ہے جو ظاہر نہیں کیا گیا۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : مقبول ملک