1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں راہول گاندھی سے زیادہ مودی مقبول ، سروے

Maqbool Malik25 جنوری 2013

بھارت کی حکمران جماعت کانگریس کو آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات میں شکست کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ایک سروے کے مطابق پانچ میں سے مشکل سے صرف ایک ووٹر کی نظر میں راہول گاندھی وزیر اعظم کے عہدے کے لیے موزوں امیدوار ہیں۔

https://p.dw.com/p/17Ric
تصویر: Reuters

بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کی طرف سے کیے گئے ایک عوامی سروے میں 22 فیصد لوگ راہول گاندھی جبکہ 36 فیصد ہندو قوم پرست سیاستدان نریندر مودی کو بھارت کا آئندہ کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے راہول گاندھی کو کانگریس پارٹی کا نائب صدر چنا گیا تھا اور عام خیال ہے کہ وہ بھارت میں سال 2014 ء میں متوقع عام انتخابات میں پارٹی کی طرف سے وزارت عظمٰی کے امیداوار ہوں گے۔ 42 سالہ راہول گاندھی کے والد ، دادی اور پردادا بھی بھارت کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔

Narendra Modi Indien Ministerpräsident Gujarat
نریندرا مودی کو بھارت کا متنازعہ سیاستدان سمجھا جاتا ہےتصویر: AP

اخبار کی طرف سے کیے گئے عوامی سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کانگریس پارٹی سے سبقت لے جائے گی۔ سروے کے مطابق بائیں بازو کی طرف جھکاؤ والی کانگریس پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتیں بھارتی لوک سبھا کی کل 552 نشستوں میں سے 152 سے کر 162 کے قریب نشستیں لے پائیں گی جبکہ دائیں بازو کی بھارتی سیاسی جماعت بی جے پی اور اس کے اتحادی 198 سے کر 208 کے قریب نشستوں پر انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انڈیا ٹو ڈے کے عوامی سروےکے یہ نتائج 12823 لوگوں کی رائے پر مبنی ہیں۔

کانگریس کے نو منتخب نائب صدر راہول گاندھی پارٹی کی صدر اور اپنی ماں سونیا گاندھی کے بعد پارٹی کے سب سے بااثر رہنما ہیں۔ پارٹی کا نائب صدر منتخب ہونے کے بعد راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ پارٹی نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات میں وہ پارٹی کے وزیر اعظم کےامیدوار کے طور پر حصہ لیں گے۔ واضح رہے کہ 80 سالہ وزیراعظم من موہن سنگھ اگلے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

اسی طرح بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی رواں ہفتے تجربہ کار سیاستدان راج ناتھ سنگھ کو نِتن گڈکری کے استعفے کے بعد پارٹی کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔

Indien Delhi Nationalist Congress Party Singh Rahul Gandhi
کانگرس پارٹی کی جیت کی صورت میں راہول گاندگی بھارت کے اگلے وزیر اعظم ہوں گےتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری طرف بھارتی مغربی ریاست گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی کو بھارت کے آئندہ وزیر اعظم کی دوڑ میں سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بی جے پی کی اندرونی سیاست میں طاقت کے حصول کی شدید رسہ کشی میں بھی ان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے اور خیال کیا جاتا ہےکہ آئندہ عام انتخابات نریندر مودی ہی پارٹی کی قیادت کریں گے۔

کچھ سیاسی پنڈتوں کے خیال میں بی جے پی کی قیادت سنبھالنے کےلیے نریندر مودی آنے والے چند مہینوں میں اپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں گے جبکہ چند ایک کا خیال یہ بھی ہے کہ پارٹی قیادت کے لیےحتمی فیصلہ راج ناتھ سنگھ کے حق میں ہو گا۔

Indien Rajnath Singh
مبصرین کے خیال میں بی جے پی کی قیادت کے لیے حتمی فیصلہ راج ناتھ کے حق میں ہو گاتصویر: Reuters

ریاست گجرات کے مسلسل تیسری بار وزیر اعلی منتخب ہونے والے دھیمے مزاج کے نریندر مودی بڑے پیمانے پر متنازعہ شخصیت رہے ہیں۔ انہیں سال 2002ء میں گجرات میں ہونے والے ہندو مسلم فسادات کا ذمہ دار بھی سمجھا جاتا ہے، جن میں تقریباﹰ 2000 کے قریب افراد مارے گئے تھے۔

عوامی سروے بہر طور کانگریس پارٹی کے دگر گوں حالات کا عکاس ہے۔ حکومتی جائزوں کے مطابق آئندہ مارچ میں ختم ہونے والے مالی سال کے دوران ملکی معیشت کی شرح نمو چھ فیصد سے بھی کم رہی اور پچھلی ایک دہائی میں یہ سب سے بری کارکردگی ہے۔

حکمران جماعت کانگریس بدعنوانی کے اسکینڈلز کا بھی شکار رہی ہے۔ دوسری طرف اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر نتن گڈکری پر بھی کرپشن کے الزامات سے ان کی پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

rh/ab(AFP)