1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں کبڈی ورلڈ کپ: پاکستان کو شرکت کی اجازت نہ مل سکی

بینش جاوید
5 اکتوبر 2016

بارہ ملکوں کی ٹیموں پر مشتمل کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز اس ہفتے بھارت میں ہو رہا ہے۔ حالیہ پاک بھارت تناؤ کے پیش نظر انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن نے پاکستان کی ٹیم کو اس ورلڈ کپ میں شامل ہونے سے روک دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2Qtcp
Kabaddi World Cup 2013 Finale Indien - Pakistan
تصویر: imago/Xinhua

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن‘ کے بھارت سے تعلق رکھنے والے سربراہ دیوراج چھاٹ اورویدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کو اس ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا، ’’پاکستان انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا اہم رکن ہے، لیکن موجودہ حالات کے پیش نظر اور دونوں ممالک کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو اس مقابلے میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔‘‘

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان نے انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کہ اگر سکیورٹی خدشات تھے تو پھر پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو اس مقابلے میں شرکت سے روکا جانا چاہیے تھا۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے اے ایف پی کو بتایا،’’ہم نے اس مسئلے پر بحث کرنے کے لیے ایک اجلاس طلب کیا ہے، کبڈی ورلڈ کپ پاکستان کے بغیر کیسے ہو گا؟ یہ بالکل ایسے ہی ہے، جیسے فٹ بال کا ورلڈ کپ برازیل کی ٹیم کے بغیر کھیلا جائے۔‘‘

Kabaddi World Cup 2013 Finale Indien - Pakistan
پاکستانی ٹیم کے کپتان ناصر علی کے مطابق پاکستان کی ٹیم سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ کبڈی ورلڈ کپ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گیتصویر: imago/Xinhua

پاکستانی ٹیم کے کپتان ناصر علی کے مطابق پاکستان کی ٹیم سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ کبڈی ورلڈ کپ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی کیوں کہ ان کی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان میں منعقدہ کبڈی کپ میں بھارت کو شکست دی تھی۔ ناصر علی نے کہا:’’ہم امید کر رہے تھے کہ کہ ہم بھارت میں جا کر کبڈی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دیں گے، یہ کبڈی کے شائقین کے لیے دکھ کی بات ہے کہ وہ یہ مقابلہ نہیں دیکھ سکیں گے۔‘‘

اٹھارہ ستمبر کو لائن آف کنٹرول کے سرحدی علاقے اُڑی میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی جانب سے بھارتی فوجی بیس پر حملے میں 19 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارت نے پاکستان کو اس حملے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ پاکستان نے بھارت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔ دونوں ممالک میں کشیدگی مزید اس وقت بڑھی جب بھارت نے پاکستانی سرحدی علاقے میں مبینہ سرجیکل اسٹریکس کر دیں۔ پاکستان نے بھارت کے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی سرجیکل حملہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ کئی صدیوں پرانےکھیل کبڈی کو دوبارہ کھیلنے کا رواج بڑھ رہا ہے۔ یہ کھیل دنیا کے 35 سے زائد ممالک میں کھیلا جاتا ہے لیکن اسے پاکستان اور بھارت میں کافی پسند کیا جاتا ہے، جہاں سے اس کھیل کا آغاز ہوا تھا۔