1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کا ایڈن گارڈن گراؤنڈ فیصلے کا منتظر

7 فروری 2011

کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے تین میچوں کے انعقاد کے لیے کولکتہ کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ کا معائنہ آج ہو رہا ہے۔ 27 فروری کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ اس گراؤنڈ میں نہ کرانے کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/10Bz3
تصویر: Prabhakar Mani Tiwari

اب جبکہ کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہونے میں دو ہفتے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے، ایڈن گارڈن گراؤنڈ کی انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ شدید تنقید کے شکار منتظمین کی طرف سے یہ بیان اس گراؤنڈ کے آخری معائنے سے قبل سامنے آیا ہے۔ گزشتہ برس بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز بھی اسی طرح کے مسائل کا شکار رہی تھیں اور ان پر اندرون اور بیرون ملک شدید تنقیدکی گئی تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آخری معائنہ آج پیر سات فروری کو کیا جا رہا ہے۔ اس معائنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اس گراؤنڈ میں باقی ماندہ تین میچ بھی منعقد کرائے جائیں گے یا نہیں۔ بھارت کا یہ معروف کرکٹ گراؤنڈ پہلے ہی ایک انتہائی اہم میچ سے محروم ہو چکا ہے۔ تزئین و آرائش کے نامکمل کام کی وجہ سے آئی سی سی نے وہاں 27 فرروی کے لیے طے کردہ بھارت اور انگلینڈ کی قومی ٹیموں کے درمیان میچ بنگلور منتقل کر دیا تھا۔

Eden Gardens
ایڈن گارڈن کے گزشتہ معاننے کے بعد آئی سی سی کی طرف سے 27 فروری کو شیڈول میچ بنگلور منتقل کردیا گیا تھاتصویر: Prabhakar Mani Tiwari

کرکٹ ایسوسی ایشن بنگال (CAB)کے ایک اہلکار کے بقول اس اسٹیڈیم میں تمام تعمیراتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں اور اب محض تعمیراتی سامان ہٹایا جانا باقی ہے۔ کولکتہ کے ایک اخبار ٹیلی گراف نے سی اے بی کے جوائنٹ سیکریٹری بسوارپ دے کے حوالے سےلکھا ہے، ’’جب تک تمام کام مکمل نہیں ہو جاتا، ہم دن رات کام کر رہے ہیں۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ 100 فیصد کام مکمل ہو جائے گا۔‘‘

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ ICC کو لکھے جانے والے ایک خط میں ان تمام تعمیراتی کاموں کی فہرست پیش کی گئی ہے، جن کا ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں بقیہ میچوں کے انعقاد سے قبل مکمل ہونا ضروری ہے۔ اس اسٹیڈیم میں اب 15 مارچ کو جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے درمیان، 18 مارچ کو آئرلینڈ اور ہالینڈ جبکہ 20 مارچ کو زمبابوے اور کینیا کے درمیان میچ شیڈول ہیں۔

سال 2011ء کا کرکٹ ورلڈ کپ مشترکہ طور پر بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ افتتاحی میچ 19 فروری کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان جبکہ فائنل دو اپریل کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں