1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت غلطی سے باز رہے، عمران خان

21 دسمبر 2020

پاکستانی ویزر اعظم عمران خان نے بھارت کو متنازعہ علاقے کشمیر میں ’دھوکہ دہی‘ کے ساتھ فوجی آپریشن کرنے کے سنگین نتائج سے خبر دار کیا ہے۔ پاکستان کا دعوی ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔

https://p.dw.com/p/3mzzZ
Pakistan Islamabad  Rede Premierminister Imran Khan
تصویر: AFP/A. Qureshi

پاکستان نے اتوار کو لائن آف کنٹرول کے متنازعہ علاقے میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی' دھوکہ دہی ‘ کی واردات سے متعلق معاملے کو عالمی ادارے میں پیش کر دیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور صدر کے نام خط  بھیجا ہے اور پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے، '' بھارت عالمی ادارے یو این کے مشن کے کاموں میں رخنہ اندازی کر رہا ہے۔‘‘

جمعے  کو بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر کی جانے والی مذکورہ کارروائی کے بعد پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو ایک ٹویٹ پیغام میں تحریر کیا،'' میں عالمی برادری پر یہ مکمل طریقے سے واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے یو این مشن کی گاڑی، جس پر یو این کا لوگو اور جھنڈا لگا تھا، کو جان بوجھ کر نشانہ بنا کر پاکستان کے خلاف آپریشن میں انتہائی لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسے پاکستانی قوم کی طرف سے ایک بھرپور اور مضبوط رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہر سطح پر پائے جانے والے خطرات کا بھرپور اور مناسب جواب دیا جائے گا۔ بھارت غلطی نہ کرے۔‘‘ 

پاکستان کا دعویٰ ہے کہ بھارت کی طرف سے یہ یو این کی گاڑی پر حملہ جان بوجھ کر کیا گیا کیونکہ اقوام متحدہ کے مشن کی گاڑیاں دور سے پہچانی جاتی ہیں کیونکہ ان پر جھنڈے اور لوگو لگے ہوتے ہیں۔

Kaschmir | Indien | Pakistan | Grenze | Chakothi
بھارت اور پاکستان کے مابین حقیقی سرحد۔ چکوٹی سیکٹر۔تصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

دریں اثناء پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اُس کے پاس ایسی قابل اعتماد معلومات موجود ہیں جن سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت دھوکے سے پاکستان پر حملہ کر کے اپنے اندرونی مسائل اور مشکلات کی طرف سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا تھا اور پاکستان کے خلاف ایک غلط کارروائی کا جھوٹا جواز تلاش کر رہا تھا۔‘‘ پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نام خط میں تحریر کیا گیا کہ، '' بھارت کی طرف سے کسی بھی حملے کی صورت میں پاکستان اپنے مکمل دفاع کے لیے ممکنہ اقدامات کا حق استعمال کرے گا۔‘‘

دریں اثناء اقوام متحدہ نے گزشتہ جمعے کو پیش آنے والے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی مکمل تشویش کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 

Indien Kaschmir beschlagnahmte Waffen der Rebellen
سرینگر کرن سیکٹر۔تصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa

 

بھارت کی تردید

اُدھر بھارت کے خارجہ امور کے ترجمان انوراگ سریواستاوا نے کہا کہ پاکستان کے الزامات کی تفصیل سے تحقیقات کی گئیں اور یہ الزامات غلط اور غیر حقیقی ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر یو این مبصرین کی موجودگی سے واقف تھی اور انہوں نے فائرنگ نہیں کی۔ بھارتی خارجہ امور کے ترجمان کا ایک بیان میں کہنا تھا، '' بھارت کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگانے کے بجائے پاکستان اپنے زیر انتظام علاقے میں اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنی ناکامی کی پردہ پوشی کے لیے بھارت پر اس طرح کے غلط الزامات لگا رہا ہے۔ پاکستان اپنی کوتاہیوں کی ذمہ داری کے ساتھ تفتیش کروائے۔‘‘

ایٹمی ہتھیاروں سے لیس جنوبی ایشیا کی دونوں طاقتیں 1947ء  میں برطانوی سامراج سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے اب تک کشمیر کے متنازعہ علاقے میں تین جنگیں لڑچُکی ہیں۔ اس علاقے میں آئے دن مسلحہ جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں اور 2003 ء سے دونوں ریاستیں ایک دوسرے پر 'فائر بندی لائن‘ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ک م / ع آ (ایجنسیاں(

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں