1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'بھارت ہمارا سچا دوست ہے' شیخ حسینہ

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو نیوز، نئی دہلی
17 دسمبر 2020

بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے سن 71 کی جنگ میں حمایت کے لیے بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مودی کا کہنا ہے کہ بھارت کی 'پڑوسی پہلے' کی پالیسی میں بنگلہ دیش کو 'کلیدی ستون' کی حیثیت حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/3mqxb
Sheikh Hasina und Narendra Modi
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ ایک ورچوؤل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو بنگلہ دیش کا سچا دوست قرار دیا اور سن 71 کی جنگ آزادی کی حمایت کرنے کے لیے بھارت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے رہنماؤں کی اس مشترکہ ورچوؤل کانفرنس کا اہتمام بھارت میں 'وجے دیوس' (یوم فتح) کی تقریب کے دوسرے روز کیا گيا۔

بنگلہ دیش کی سن 71 کی جنگ کے حوالے سے بھارت میں 16 دسمبر کو یوم فتح کا جشن منایا جاتا ہے اور اس برس اس نوعیت کا یہ پچاسواں جشن تھا۔ سن 71 میں مشرقی پاکستان میں پاکستانی افواج کو بھارتی فوج کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی اور اسی جنگ کے نتیجے میں بنگلہ دیش وجود میں آیا تھا۔ نئی دہلی میں گزشتہ روز اس کی یاد میں ایک شاندار جشن منعقد کیا گيا تھا۔

اس موقع پر شیخ حسینہ نے کہا، "بھارت ہمارا سچا دوست ہے۔ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے تیس لاکھ شہدا کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ میں شہید ہونے والے بھارتی فوجیوں کے اہل خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ میں بھارتی حکومت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے ہماری قوم کے مقصد کے لیے تہہ دل سے حمایت کی۔"

رواں برس 2020 ء میں بنگلہ دیش اپنے بابائے قوم  شیخ مجیب الرحمن کی سویں یوم پیدائش کی مناسبت سے 'مجیب بورشو' بھی منا رہا ہے۔ اس ورچوؤل مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنا ان کی پہلی ترجیح رہی ہے۔ 

لاکھوں مسلمان بھارتی شہریت سے محروم

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی 'پڑوسی پہلے' کی جو پالیسی ہے اس میں بنگلہ دیش کو ایک 'کلیدی ستون' کی حیثیت حاصل ہے۔ "ہمیں آزادی مخالف قوتوں کے خلاف بنگلہ دیش کی فتح پر آپ کے ساتھ یوم فتح کی تقریب منانے پر فخر محسوس ہوتا ہے۔"

 بھارتی وزير اعظم نے آئندہ برس بنگلہ دیش کے دورے پر آنے کی دعوت دینے کے لیے اپنی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس موقع پر ان کے لیے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنا عزت افزائی کی بات ہوگی۔

اس موقع پر دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے سات معاہدوں پر اتفاق بھی کیا۔ اس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سن 1965 تک جو ریل سروس چلتی تھی اس کو بھی بحال کرنا شامل ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بھارتی بابائے قوم مہاتما گاندھی اور بنگلہ دیش کے بانی  رہنما مجیب الرحمان پر ایک مشترکہ ڈیجیٹل نمائش کا بھی افتتاح کیا ہے۔

  دونوں رہنماؤں کی زندگی اور ان کی تحریک پر مبنی اس ڈیجیٹل نمائش کو پہلے بھارت میں سجایا جائے گا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کے محتلف شہروں میں اس کی نمائش ہوگی اور پھر 2022 ء میں اقوام متحدہ ميں اس کا اختتام ہوگا۔

بنگلہ دیش کی سن 71 کی جنگ کے حوالے سے بھارت میں ہر برس 16 دسمبر کو یوم فتح کی تقریب منائی جاتی ہے جس میں حکومت کے سربراہ اور فوج کے اعلی عہدیدار شریک ہوتے ہیں۔ گزشتہ روز کی بھی ایسی ہی ایک تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے شرکت کرکے بھارتی فوج کی حوصلہ افزائی کی۔

اس موقع پر لیفٹینٹ جنرل مہنتی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے صرف 13 دن کی جنگ میں ہی فتح حاصل کی۔ "پاکستان کی فوج نے مکمل طور سرنڈر کر دیا اور نتیجاتاً بنگلہ دیش وجود میں آیا ۔"

ڈھاکا میں مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں