1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپین: اپنی بیوی کے قتل میں مطلوب پاکستانی مایورکا سے گرفتار

شمشیر حیدر
2 اگست 2020

گیارہ برس قبل پاکستان میں اپنی شریک حیات کو مبینہ طور پر قتل کر کے فرار ہونے والے شخص کو سپین کے سیاحتی جزیرے مایورکا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پاکستانی حکام نے اس کی گرفتاری کے لیے انٹرنیشنل وارنٹ جاری کر رکھا تھا۔

https://p.dw.com/p/3gHj5
Spanien Mallorca Magaluf | Touristen Corona-Verstöße
تصویر: Reuters/E. Calvo

سیاحوں میں مقبول ہسپانوی جزیرے مایورکا کی پولیس نے گزشتہ ہفتے 41 سالہ پاکستانی شہری کو گرفتار کیا۔

اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے سن 2009 میں اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ پاکستانی پولیس کے تفتیش کار قتل کی تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ اس نے اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کا قتل کیا تھا۔

حکام کو شبہ تھا کہ یہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوگئے تھے۔ ان کی گرفتاری کے لیے پاکستان نے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھا تھا۔

مبینہ قاتل کی گرفتاری کے لیے جاری کردہ یہ بین الاقوامی وارنٹ دنیا کے کئی دیگر ممالک کی طرح سپین کے ایک چھوٹے سے سیاحتی جزیرے مایورکا کی پولیس تک بھی پہنچ تھا۔

مایورکا کی مقامی نیوز ویب سائٹ 'مایورکا سائٹنگ‘ کے مطابق گزشتہ بدھ کے روز جزیرے کے مرکزی شہر پالما کی پولیس کو خبر ملی کہ ایک نواحی علاقے میں رہائش پذیر پاکستانی شخص کا ڈیٹا بین الاقوامی وارنٹ میں درج کوائف سے ملتا ہے۔

شبہ ہونے پر پولیس نے پالما شہر کے مشرق میں واقع پاکستانی شہری کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر اسے گرفتار کر لیا۔ اس شخص کے کوائف کا جائزہ لے کر پولیس نے اس کی شناخت کر لی۔

ہسپانوی پولیس اب اس شخص کو پاکستان بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔ پاکستان حوالگی کے لیے تیار کردہ نیشنل پولیس کی دستاویز کے مطابق بیوی کے مبینہ قتل میں ملوث اس شخص کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

نیشنل کورٹ پولیس کی جانب سے اس شخص کو سپین سے ملک بدر کر کے پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کی درخواست پر فیصلہ کرے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا خاتون کے قتل کے الزام میں مطلوب دیگر ملزمان گرفتار بھی ہو چکے ہیں یا نہیں۔