1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک گراں پری: فیٹل کی ایک اور جیت

8 مئی 2011

جرمنی کے 23 سالہ نوجوان ڈرائیور سباستیان فیٹل نے رواں سیزن کی تیسری ریس جیت کر ڈرائیور چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی سبقت مزید مستحکم کرلی ہے۔ وہ دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/11BgK
فیٹل، استنبول پارک میںتصویر: dapd

پول پوزیشن پر پہلی پوزیشن سے سباستیان فیٹل نے ترکش گراں پری فارمولا ون ریس کا آغاز کیا اور اپنی اس برتری کو آخری راؤنڈ تک قائم رکھا۔ اس دوران انہوں نے استنبول پارک کے مشکل ٹریک پر شاندار ڈرائیونگ مہارت کا ثبوت دیا۔ ریس کے دوران کسی بھی راؤنڈ میں کوئی بھی ڈرائیور انہیں پریشان نی کرسکا۔ فیٹل اطمنان سے اپنی برتری کے ساتھ سب سے آگے رہے۔ رواں سال فیٹل کی یہ تیسری شاندار کامیابی ہے۔ استنبول پارک میں منعقد کی جانے والی اس ریس کے اٹھاون راؤنڈ کو فیٹل نے ایک گھنٹہ اور تیس منٹ سترہ سیکنڈ میں مکمل کیا۔

ترکش گراں پری کو پوری طرح ریڈ بُل ٹیم نے اپنے کنٹرول میں رکھا۔ پہلی اور دوسری پوزیشنیں ریڈ بل ٹیم کے دونوں ڈرائیوروں کے حصے میں آئیں۔ دوسری پوزیشن پر فیٹل کے ساتھی مارک ویبر رہے۔

جرمنی سے تعلق رکھنے والے سباستیان فیٹل گزشتہ سال کی ڈرائیور چیمپیئن شپ جیتنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ اس برس کے دوران اب تک تین گراں پری ریس جیت کر انہوں نے اپنی چیمپیئن شپ کی پہلی پوزیشن کو انتہائی مستحکم کرلیا ہے۔ ان کے پوائنٹس کی کل تعداد اب 93 ہو گئی ہے۔ ان کے قریب ترین حریف برطانیہ کے سابق ورلڈ چیمپیئن ڈرائیور لوئیس ہملٹن ہیں، جو ان سے 34 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ ہملٹن کے پوائنٹس 59 ہیں۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ ہر ریس کے بعد فیٹل کی مہارت اور صلاحیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

Sport Formel 1 Istanbul Turkei Flash-Galerie
فیٹل، ترک گراں پری کے دورانتصویر: AP

اتوار کو منعقد ہونے والی ترکش گراں پری ریس کے دوران کچھ راؤنڈ کی تکمیل کے بعد، ایک دوسرےجرمن ڈرائیور نیکو روز برگ دوسری پوزیشن پر رہے۔ روز برگ مرسیڈیز گاڑی چلا رہے تھے۔ بعد میں اس مقام پر مارک ویبر پہنچ گئے۔ کچھ اور چکروں کے بعد ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو آلانسو نے ویبر کو کچھ دیر کے لیے تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا۔ لیکن آلانسو کی یہ کوشش زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی۔ بعد میں فیٹل کے ساتھی مارک ویبر نے ترکش گراں پری کی دوسری پوزیشن پر مستقلاً دوبارہ قبضہ کر لیا۔

ریس کے مکمل ہونے پر ہسپانوی ڈرائیور آلانسو تیسری، برطانیہ کے لوئیس ہملٹن چوتھی اور جرمن ڈرائیور نیکو روز برگ پانچویں مقام پر رہے۔ لوئیس ہملٹن ترکش گراں پری کے دوران بدقسمت بھی رہے۔ ان کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہو گیا تھا۔

استنبول پارک فارمولا ون کار ریس ٹریک سوا پانچ کلو میٹر سے زائد فاصلے کا ہے اور اس میں خاصے موڑ ہیں۔ یہ ایک چیلنجنگ ٹریک تصور کیا جاتا ہے۔ ریس کے دوران کل اٹھاون راؤنڈ مکمل کرنے ہوتے ہیں۔ اسی ٹریک پر پہلی پریکٹس کے دوران سباستیان فیٹل کی گاڑی کو حادثہ بھی پیش آیا تھا۔ حادثے میں فیٹل بخیریت رہے تھے۔

اب تک مکمل ہونے والی چار فارمولا ون کار ریس مقابلوں میں سے تین میں فارمولا ون ڈرائیونگ کے دفاعی ورلڈ چیمپیئن سباستیان فیٹل اور ایک میں سابق ورلڈ چیمپیئن لوئیس ہملٹن نے کامیابی حاصل کی تھی۔

اگلی گراں پری ریس یورپی ملک اسپین میں منعقد کی جائے گی۔ ہسپانوی گراں پری اس ماہ کی بائیس تاریخ کو شیڈیول ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں