1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تندولکر کو ریٹائرمنٹ پر مجبور کیا گیا، سابق پاکستانی بیٹسمین باسط علی

Afsar Awan25 دسمبر 2012

معروف بھارتی بیٹسمین سچن تندولکر کی ریٹائرمنٹ پر پاکستان کے سابق معروف کرکٹرز کی طرف سے اس عظیم کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ سابق پاکستانی بیٹمسمین باسط علی کے خیال میں تندولکر کو ریٹائرمنٹ پر مجبور کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/178bb
تصویر: AP

پاکستان اور بھارت کے درمیان 25 دسمبر سے شروع ہونے والی سیریز سے دو روز قبل ہی بھارت کے مایہ ناز بیٹسمین سچن تندولکر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ تندولکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کے ایک سابق شہرہ آفاق پیس بولر وقار یونس نے کہا کہ تندولکر نے 23 برس تک دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ تو نہیں کہیں گے کہ تندولکر جیسا کھلاڑی دوبارہ پیدا نہیں ہوگا مگر موجودہ دور کے وہ یقینی طور پر عظیم ترین بیٹسمین تھے۔ وقار یونس کے مطابق انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ تندولکر کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔

تندولکر کے کرکٹ میں بنائے گئے ریکارڈز ہی ان کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، وسیم اکرم
تندولکر کے کرکٹ میں بنائے گئے ریکارڈز ہی ان کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، وسیم اکرمتصویر: AP

سابق پاکستانی معروف بیٹسمین باسط علی نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں تندولکر سے زبردستی ریٹائرمنٹ کا اعلان کروایا گیا جو ان جیسے کھلاڑی کے ساتھ زیادتی ہے: ’’سچن کرکٹ کے بے تاج بادشاہ تھے۔ اگر انہیں یہ سیریز کِھلا کر خراج تحسین پیش کیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔ حالانکہ سچن نے ون ڈے میں کھیلنے کے لیے اپنی دستیابی کا عندیہ دیا تھا مگر انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ جن سلیکٹرز نے ایسا کیا، انہوں نے بھارت اور دنیائے کرکٹ کے لیے سچن کی خدمات کو نظر انداز کرتے ہوئے ان کے ساتھ زیادتی کی۔‘‘ باسط علی کا مزید کہنا تھا: ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ سچن آج کل فارم میں نہیں تھے لیکن  ان کی سابق کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اس سیریز میں کھلایا جانا چاہیے تھا۔ میری نظر میں سچن سے ریٹائرمنٹ دلوائی گئی ہے، انہوں نے خود نہیں لی۔‘‘

پاکستان ہی کے ایک اور عظیم بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم کے مطابق تندولکر کے کرکٹ میں بنائے گئے ریکارڈز ہی ان کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور آئندہ برسوں میں ان ریکارڈز کو توڑنا آسان نہیں ہوگا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ تندولکر ایک حیران کن ٹیلنٹ اور عظیم کرکٹر تھے۔

اس بات پر فخر ہے کہ تندولکر کے ساتھ کھیل چکا ہوں، وقار یونس
اس بات پر فخر ہے کہ تندولکر کے ساتھ کھیل چکا ہوں، وقار یونستصویر: DW

سچن تندولکر نے 463 ایک روزہ مقابلوں میں 18426 رنز بنا رکھے ہیں۔ ایک روزہ مقابلوں کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وہ رنز کے حوالے سے سرفہرست ہیں۔ سچن تندولکر نے 194 ٹیسٹ میچوں میں 15645 رنز بنائے۔ ٹیسٹ  کرکٹ میں ان کی سینچریز کی تعداد 51 جبکہ ایک روزہ مقابلوں میں ان کی سینچریز کی تعداد 49 ہے اور یوں وہ مجموعی طور پر سینچریز کی سینچری اسکور کر چکے ہیں۔ سچن تندولکر ایک کارآمد اسپن بالر بھی رہے ہیں۔ انہوں نے ایک روزہ مقابلوں میں 145 اور ٹیسٹ میچوں میں 45 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

سچن تندولکر نے 1989ء میں دورہء پاکستان کے موقع پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہیں کرکٹ کی دنیا میں 'خدائے کرکٹ‘ اور 'لٹل ماسٹر‘ کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔

aba/mm (AFP)