1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن خاتون کھلاڑی انگلیک کیربر نے ومبلڈن جیت لیا

عابد حسین
14 جولائی 2018

ٹینس کا تیسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن کی ویمنز چیمپیئن شپ جرمن کھلاڑی انگلیک کیربر نے جیت لی ہے۔ انہوں نے فائنل میچ میں امریکا کی لیجنڈری خاتون کھلاڑی سیرینا ولیمز کو شکست دی۔

https://p.dw.com/p/31SeU
Tennis Wimbledon 2018 Frauen Finale Williams - Kerber
تصویر: Reuters/A. Boyers

لندن میں کھیلے جانے والے ومبلڈن ٹورنامنٹ میں انگلیک کیربر نے فائنل میچ کا پہلا سیٹ آسانی کے ساتھ چھ تین سے جیتا۔ ابتدا میں جب دونوں خواتین نے تین تین گیمز جیت لیں تو ایسا محسوس ہوا کہ یہ فائنل میچ تین سیٹ تک جا سکتا ہے لیکن کیربر نے اگلی تین گیمز میں اپنی گرفت مضبوط کی اور انہوں نے سیرینا ولیمز کو پہلے سیٹ میں مات دے دی۔

دوسرا سیٹ بھی کم و بیش پہلے سیٹ کی طرح رہا۔ انگلیک کیربر نے اپنی برتری کو قائم رکھا۔ اس سیٹ میں بھی سیرینا ولیمز تین گیمز جیتنے میں کامیاب رہیں۔ سیٹ کی آخری گیم جرمن کھلاڑی نے آسانی کے ساتھ جیت لی۔ اور اس طرح وہ ایک اور گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہیں۔

Tennis Wimbledon 2018 Frauen Finale Williams - Kerber
بچی کی ولادت کے بعد سیرینا ولیمز کو بعض انجریز کے مسائل کا بھی سامنا تھاتصویر: Reuters/T. Melville

کیربر پہلی مرتبہ ومبلڈن ویمن چیمپیئن شپ جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔ قبل ازیں سن 2016 میں وہ آسٹریلین اوپن اور یُو ایس اوپن بھی جیت چکی ہیں۔

سیرینا ولیمز اپنی بچی کی ولادت کی وجہ سے ٹینس سے دور رہیں اور اس ٹورنامنٹ میں اُن کی عالمی رینکنگ پچیسویں تھی جب کہ جرمن کھلاڑی ورلڈ نمبر بارہ پر تھیں۔ بچی کی ولادت کے بعد سیرینا ولیمز کو بعض انجریز کے مسائل کا بھی سامنا تھا۔ امریکا کی اسٹار خاتون کھلاڑی آٹھویں مرتبہ ومبلڈن خواتین کی چیمپیئن شپ کا فائنل میچ کھیل رہی تھیں۔

اس سے قبل سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے ٹینس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن کے فائنل میچ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ جوکووچ نے اس چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہسپانوی کھلاڑی رفائل ندال کو پانچ سیٹ کے طویل میچ میں شکست دے دی۔ اب وہ فائنل میچ میں اتوار پندرہ جولائی کو جنوبی افریقی کھلاڑی کیون اینڈرسن کا مقابلہ کریں گے۔ جوکووچ اور ندال کے درمیان سیمی فائنل کا میچ سوا پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔