1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر خارجہ دورہ پاکستان کے لیے روانہ

6 جون 2022

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔ اس دو روزہ دورے کے دوران بیئربوک وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملیں گی۔

https://p.dw.com/p/4CKlT
Berlin | Außenministerin Annalena Baerbock
تصویر: Michael Sohn/AP/picture alliance

جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انالینا بیئربوک پاکستان میں اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ دیگر حکومتی نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گی۔ بیئربوک کا تعلق جرمنی کی ماحول دوست گرین پارٹی سے ہے۔

جرمنی میں پاکستانیوں کے دھتکارے ہوئے بچے

پاک جرمن تعلقات کے 70 برس، پاکستان جرمنی سے کیا سیکھ سکتا ہے؟

جرمنی کا قومی ترانہ: طبلے پر پاکستانی بچوں کی پرفارمنس

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کا یہ غیر ملکی دورہ چار روزہ ہے اور اس دوران وہ پاکستان کے علاوہ ترکی اور یونان بھی جائیں گی۔

جرمن ذرائع کے مطابق بیئربوک اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے اور جرمنی کی تنظیم برائے بین الاقوامی ترقی و تعاون جی آئی زیڈ کے عملے سے بھی ملنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ جی آئی زیڈ خاص طور پر آج کل ان افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے، جو افغانستان سے نکل کر پناہ کی تلاش میں پڑوسی ممالک میں مقیم ہیں۔ جرمن سفارت خانہ اور جی آئی زیڈ پریشانیوں کے  شکار ان افغان باشندو‌ں کو پاکستان سے باہر بھجوانے میں بھی تعاون کر رہے ہیں۔

پاکستانی اور جرمن رہنماؤں کے مابین اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت میں افغانستان کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔ انالینا بیئربوک ان افغان شہریوں سے بملنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں، جو اس وقت پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور جن کی زندگی کی گاڑی جرمن امداد کے بل پر چل رہی ہے۔

اکتالیس سالہ بیئربوک 2021ء میں ہونے والے جرمن قومی انتخابات میں گرین پارٹی کی جانب سے چانسلر شپ کی امیدوار تھیں۔ تاہم مخلوط حکومت کی تشکیل کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں انہیں وزیر خارجہ بنا دیا گیا تھا۔ وہ جرمنی میں وفاقی وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

بیئربوک سات جون کو پاکستان سے یونان اور ترکی کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔

ع ا / م م ( ڈی پی اے)