1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور فرانس يورپی يونين ميں اصلاحات کے ليے کوشاں

17 مارچ 2018

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل اور فرانسيسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ يورپی يونين ميں اصلاحات کے ذريعے بريگزٹ کے منفی اثرات اور بڑھتی ہوئی عواميت پسندی جيسے مسائل سے نمٹا جانا ضروری ہے۔

https://p.dw.com/p/2uW0K
Frankreich Treffen Angela Merkel & Emmanuel Macron in Paris
تصویر: Getty Images/AFP/L. Marin

انگيلا ميرکل نے فرانس کی جانب سے يورو زون کو زيادہ مربوط بنانے کے ليے اصلاحات کی حمايت کی ہے۔ فرانسيسی دارالحکومت پيرس ميں ایمانوئل ماکروں کے ساتھ سولہ مارچ کو ايک مشترکہ پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےمیرکل نے کہا کہ يورو زون کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول يورپ اگر متحد ہو جائے، تو يہ بلاک ناقابل شکست بن جائے گا۔

مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اعلان کيا کہ اس سال جون ميں ہونے والی يورپی يونين کی سمٹ سے قبل متعدد پاليسيوں کو حتمی شکل دينے کے ليے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر ماکروں نے کہا کہ جون تک کام يہی ہے کہ يورو زون، اميگريشن پاليسی، دفاع، تجارت، ريسرچ اور تعليم جيسے شعبوں ميں اتفاق رائے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے ہو سکے۔ ان کا مزيد کہنا تھا کہ يورپی يونين کی نئے سرے سے بنياد رکھنے کے ليے ايک واضح لائحہ عمل تشکيل ديا جائے گا۔

دونوں رہنماؤں کے بقول مربوط اصلاحاتی عمل کے نتيجے ميں يورپی يونين اپنے سامنے کھڑے متعدد چيلنجز کا مقابلہ کر سکے گی، جن ميں برطانيہ کی بلاک سے عليحدگی کے بعد کی صورتحال اور حال ہی ميں منعقدہ اطالوی اليکشن ميں عواميت پسندی ميں  واضح اضافہ بھی شامل ہے۔ جرمن چانسلر نے پريس کانفرنس ميں کہا، ’’اکثر کئی امور پر ابتداء ميں جرمنی اور برطانيہ کے نظريات يکساں نہيں ہوتے ليکن ان دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر بہت کچھ حاصل کيا ہے۔‘‘

فرانسيسی اور جرمن اعلی قيادت نے برطانيہ ميں ايک سابق جاسوس اور ان کی بیٹی پر کیمیکل حملےکی مذمت بھی کی۔  دونوں رہنماؤں نے اس ضمن ميں روس پر تنقيد بھی کی۔ ميرکل اور ماکروں نے اس معاملے پر لندن حکومت کو اپنی حمايت کی يقين دہانی بھی کرائی۔

ع س / ع ب، نيوز ايجنسياں