1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی ميں جنسی زيادتی کا کيس، عمر سے متعلق قوانين رکاوٹ

11 اکتوبر 2019

جرمن استغاثہ نے ايک اٹھارہ سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زيادتی کے جرم ميں ملوث تين ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ ان کی عمريں چودہ برس ہيں جبکہ بارہ سال کی عمر کے دو ديگر ملزمان پر فرد جرم کم عمری کے سبب عائد نہ کی جا سکی۔

https://p.dw.com/p/3R7Dr
GERMANY-JUSTICE-TRIAL-CRIME
تصویر: AFP/Getty Images

جرمن شہر ڈوئيزبرگ کے دفتر استغاثہ کی جانب سے جمعرات کو مطلع کيا گيا کہ چودہ برس کی عمر کے تين ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی جبکہ دو ديگر بارہ برس کے ملزمان کے خلاف فرد جرم اس ليے عائد نہيں کی جا سکی کيونکہ ان کی عمريں کم ہيں۔

تينوں نابالغ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جرمن رياست نارتھ رائن ويس فاليا کے علاقے روہر کے شہر مول ہائم کے ايک پارک ميں رواں سال جولائی ميں ايک اٹھارہ سالہ لڑکی کے ساتھ زيادتی کی۔ لڑکی کو بعد ازاں زخموں کے ساتھ ہسپتال منتقل کيا گيا تھا۔ اس جرم ميں در اصل پانچ نابالغ لڑکے ملوث تھے ليکن بقيہ دو پر فرد جرم ان کی کم عمری کے سبب عائد نہ کی جا سکی۔ چودہ سالہ تين لڑکوں ميں سے ايک پر الزام ہے کہ اس نے اسی لڑکی کو جولائی سے قبل بھی ايک مرتبہ جنسی زيادتی کا نشانہ بنايا تھا۔

پوليس کے مطابق تينوں ملزم لڑکوں کا تعلق بلغاريہ سے ہے۔ ڈوئيزبرگ کی ضلعی عدالت اب يہ فيصلہ کرے گی کہ کيس پر سماعت ہو يا نہيں يا پھر اس کيس پر کارروائی کيسے کی جائے۔

جولائی ميں جب يہ کيس منظر عام پر آيا، تو جرمنی ميں اس بارے ميں بحث چھڑ گئی کہ جرائم کے خلاف عدالتی کارروائی کے زمرے ميں آنے والوں کی عمر پر نظر ثانی کی جائے۔ جرمن قوانين کے مطابق عدالتی کارروائی کے ليے ملزم کی عمر  کم از کم چودہ برس ہونا لازمی ہے۔

ٴع س / ک م، نيوز ايجنسياں