1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: نيونازی قاتل گروہ

9 نومبر 2012

جرمنی ميں دائيں بازو کے نيو نازی گروپ سے تعلق رکھنے والی بیاٹے شيپے پر قتل اور ايک دہشت گرد تنظيم قائم کرنے کے الزام ميں مقدمہ چلايا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/16g0j
تصویر: picture-alliance/dpa

دائيں بازو کے دہشت گرد گروپ ’انڈر گراؤنڈ نيشنل سوشلسٹ‘ کی آخری بچ جانے والی رکن بیاٹے شيپے کے خلاف جرمنی کے اٹارنی جنرل ہارالڈ رانگے نے فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اُس کے دونوں ساتھيوں نے ايک سال قبل خود کو گولی مار کر ہلاک کر ليا تھا۔ دائيں بازو کے نيو نازی دہشت گردوں کی مدد کے الزام ميں چار دوسرے افراد پر بھی مقدمہ چلايا جائے گا۔

کئی برسوں تک قتل کرتے اور چھپے رہنے والے نيو نازی گروپ کے بارے میں انکشاف کے ايک سال بعد جرمن وزير داخلہ ہانس پيٹر فريڈرش نے وفاقی پارليمنٹ ميں تقرير کرتے ہوئے کہا کہ قتل کی وارداتوں اور اس سارے معاملے کی مکمل چھان بين کی جائے گی۔ ليکن اپوزيشن پارٹی ايس پی ڈی کی طرف سے کہا گيا کہ گذشتہ ايک سال ميں حکومت نے اس سلسلے ميں جو کچھ کيا ہے، وہ بہت کم ہے۔

بآٹے شيپے
بآٹے شيپےتصویر: Bundeskriminalamt/dapd

ايک سال قبل، چار نومبر 2011ء کو شہر آئزے ناخ ميں ايک گاڑی کو آگ کے شعلوں نے اپنی لپيٹ ميں لے ليا تھا۔ پوليس اس گاڑی ميں چھپے دو ڈاکؤں کو گرفتار کرنا چاہتی تھی۔ گاڑی ميں پوليس کو دو افراد کی لاشيں مليں، جنہوں نے خود کو گولياں مار کر خود کشی کر لی تھی۔ يہ اس دہشت گرد گروپ کے دونوں اراکين اُووےبوئن ہارٹ اور اُووے مُنڈلوس تھے۔ اس کے کئی دن بعد گروپ کی تيسری رکن بیاٹے شيپے نے خود کو گرفتاری کے ليے پيش کر ديا۔ اس کے بعد کے ہفتوں ميں اس نيو نازی گروپ کے جن جرائم کا انکشاف ہوا، اُنہوں نے جرمنی کو ہکا بکا کر ديا۔ يہ پتہ چلا کہ تين افراد پر مشتمل اس گروپ نے کئی برسوں کے دوران ترکی اور يونان سے تعلق رکھنے والے چھوٹے تاجروں اور ايک خاتون پوليس افسر کو دن دہاڑے قتل کيا تھا۔ انہوں نے شہر کولون کے ايک بھرے پرے تارکين وطن محلے ميں بم بھی پھينکا تھا۔ ليکن پوليس نے تفتيش کے دوران دائيں بازو کے انتہا پسندوں کے سراغ ملنے کے باوجود اپنا يہ شبہ جاری رکھا کہ يہ جرائم منظم غير ملکی مجرم کر رہے تھے۔ اسی نسبت سے تفتيشی کميشن کا نام بھی ’باسفورس‘ رکھا گيا تھا۔

نيو نازی گروپ کے خلاف تحقيقاتی کميشن کے سربراہ سبستيان اڈاتھی اور ترک رہنما کنعان کولات
نيو نازی گروپ کے خلاف تحقيقاتی کميشن کے سربراہ سبستيان اڈاتھی اور ترک رہنما کنعان کولاتتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کی اپوزيشن کی گرين پارٹی کے وولف گانگ ويلانڈ نے کہا کہ اس طرح رياست نے اپنے اوپر ايک سنگين قصور کا بوجھ لادا ہے۔ مخلوط حکومت ميں شامل جماعت ايف ڈی پی کے ہارٹفريڈ وولف نے کہا کہ اس سے سلامتی کے حکام پر اعتماد کو شديد دھچکہ لگا ہے۔ جرمنی کی ترک برادری کے رہنما کنعان کولات نے کہا کہ جرمنی ميں نسل پرستی ايک بڑا مسئلہ ہے اور سوال يہ ہے کہ کيا ان نسل پرست جرائم کی تحقيقات کی آمادگی واقعی موجود ہے؟

M.Bölinger,sas/K.Jäger,aa