1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

Einheitspreis Bonn

3 اکتوبر 2011

جرمنی کے دوبارہ اتحاد کی سالگرہ کی تقريبات کے سلسلے ميں کل توار کو بون ميں ريڈيو ڈوئچے ويلے ميں بھی ايک تقريب ہوئی جس ميں انعامات تقسيم کيے گئے۔

https://p.dw.com/p/12knR
ٹوماس کريوگر
ٹوماس کريوگرتصویر: dapd

ستمبر ہی ميں سابق صدارتی اميدوار يوآخم گاؤک کی سربراہی ميں ايک غير جانبدار جيوری نے ايسے افراد اور تنظيموں کو چنا تھا، جنہوں نے جرمنی کے مشرقی اور مغربی حصوں کو ايک دوسرے کے قريب لانے کی کوششوں ميں حصہ ليا ہے۔ اس چناؤ ميں ’نوجوانوں‘، ’کلچر‘ اور ’انسانوں‘ کے عنوانات کے تحت تينوں شعبوں ميں سے دو دو انعام يافتگان کا انتخاب کيا گيا۔ اس کے علاوہ ايک خصوصی انعام اور حاضرين کے ليے انعام بھی رکھا گيا تھا۔

سياسی تعليم کے وفاقی جرمن مرکز کے صدر ٹوماس کريوگر نے اپنی تقرير ميں کہا کہ اگرچہ يہ جرمن اتحاد کے حوالے سے ديے جانے والے آخری انعامات تھے ليکن جرمنی کے دونوں حصوں کو ايک دوسرے سے قريب لانے کا کام ابھی جاری رہے گا اور سياسی تعليم کا وفاقی جرمن مرکز اس عمل کا ساتھ ديتا رہے گا۔

يوآخم گاؤک
يوآخم گاؤکتصویر: AP

جرمنی کے اتحاد کی کوششوں کے حوالے سے اس سال کے انعامات پانے والوں ميں اسناد بھی تقسيم کی گئيں۔ ’کلچر‘ کے عنوان کے تحت انٹرنيٹ پورٹل ’تاريخ سے سبق کا حصول (lernen-aus-der-geschichte.de)‘ اور ’ليو کوپيليف فورم‘ کو انعامات ديے گئے۔ اس ويب پورٹل ميں 5000 کے لگ بھگ مضامين ہيں جن ميں نازی دور ميں يہوديوں کے قتل عام، نازی ازم يعنی نيشنل سوشلزم کی تاريخ اور بيسويں صدی کی تاريخ کو موضوع بنايا گيا ہے۔ ليوکوپيليف فورم کو انعام جرمنی، روس اور دوسرے مشرقی يورپی ملکوں کے درميان افہام و تفہيم کی کوششوں پر ديا گيا۔

وفاقی جرمن مرکز برائے سياسی تعليم کی گھومتی پھرتی لائبريری
وفاقی جرمن مرکز برائے سياسی تعليم کی گھومتی پھرتی لائبريریتصویر: picture alliance/dpa

’انسانوں‘ کے عنوان کے تحت انعام ڈاکٹر زبيلے پلوگ اشٹيٹ کو ديا گيا، جنہوں نے اس پرزور ديا ہے کہ سابق مشرقی جرمن رياست کے تحت قيد رکھے جانے والوں پر توجہ دينا بہت اہم ہے کيونکہ اگر ايسا نہيں کيا گيا تو اُنہيں وہ عزت و احترام نہيں ديا جاسکے گا، جس کے وہ مستحق ہيں۔

’نوجوانوں‘  کے حوالے سے انعام ايک ايسی تنظيم کو ديا گيا، جو 50 سال سے بھی زيادہ عرصے سے سماجی اور تعليمی سياسی ميدان ميں نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمات انجام دينے کے ايسے مواقع فراہم کر رہی ہے، جن کے ذريعے جرمنی اور دوسرے ممالک کے درميان بہتر افہام و تفہيم پيدا ہو سکے۔

رپورٹ: راخيل بيگ / شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک   

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید