1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جونی ڈيپ نے بيوی پر ہاتھ اٹھايا يا بيوی نے ان کی پٹائی کی؟

7 جولائی 2020

ہالی وُڈ کے معروف اداکار جونی ڈيپ نے ايسے الزامات کو سختی سے رد کيا ہے کہ انہوں نے اپنی سابقہ اہليہ پر ہاتھ اٹھايا۔ ڈيپ نے ايک برطانوی اخبار پر ہتک عزت کا مقدمہ کر رکھا ہے۔

https://p.dw.com/p/3eun7
Bildkombo | Johnny Depp und Amber Heard

جونی ڈيپ نے لندن کی ايک عدالت ميں منگل کو ايسے الزامات کی سختی سے ترديد کی کہ انہوں نے اپنی اہليہ ايمبر ہرڈ پر ہاتھ اٹھايا يا انہيں تشدد کا نشانہ بنايا۔ ستاون سالہ اداکار نے برطانوی اخبار 'دا سن‘ پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے، جس کی ابتدائی سماعت منگل کو ہوئی۔ عدالتی سماعت ميں ڈيپ نے موقف اختيار کيا کہ اخبار کی رپورٹ ان کے ليے بدنامی کا باعث بنی۔

جونی ڈيپ کی ايمبر ہرڈ سے ملاقات سن 2011 ميں ہوئی تھی اور دونوں سن 2015 ميں رشتہ ازدواج ميں بندھ گئے تھے۔ پھر دو برس بعد کورٹ سے باہر کے سمجھوتے کے تحت دونوں ميں طلاق ہو  گئی تھی۔ 'دا سن‘ نے سن 2018 ميں اپنے ايک آرٹيکل ميں يہ دعوی کيا تھا کہ جونی ڈيپ نے ايمبر ہرڈ کو تشدد کا نشانہ بنايا۔ ہرڈ کا دعوی ہے کہ ڈيپ نے سن 2013 اور سن 2016 کے درميان انہيں تشدد کا نشانہ بنايا۔ 'دا سن‘ کے پبلشر 'نيوز گروپ نيوز پيپر‘ (NGN) نے کيس ميں يہ موقف اختيار کيا ہے کہ جونی ڈيپ ہرڈ کو جسمانی اور نفسياتی طور پر ہراساں کيا کرتے تھے۔

Johnny Depp und Amber Heard
تصویر: picture-alliance/empics/J. Brady

دوسری جانب جونی ڈيپ نے عدالت ميں يہ موقف اپنايا ہے کہ ان کی ہرڈ کے ساتھ شادی اور رشتے ميں 'تشدد‘ کا عنصر ضرور شامل تھا مگر وہ ہرڈ کی جانب سے تھا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ ان کے بقول ايمبر ہرڈ ايک پيچيدہ شخصيت کی مالک تھيں اور اکثر شراب يا منشيات کے زير اثر رہتی تھيں۔ جونی ڈيپ کی قانونی ٹيم نے ہرڈ پر غير ازدواجی تعلقات کا بھی الزام لگايا۔ ان کے مطابق جونی ڈيپ ايمبر ہرڈ کے رويے ميں اچانک تبديليوں سے تھک چکے تھے۔

جونی ڈيپ کے اين جی اين کے خلاف مقدمے کی سماعت کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے تاخير کے بعد اب شروع ہوئی ہے۔ لندن کی ہائی کورٹ ميں جاری يہ کيس پندرہ دنوں ميں نمٹايا جائے گا۔ دونوں جونی ڈيپ اور ايمبر ہرڈ معروف ہالی وڈ اداکار ہيں اور يہی وجہ ہے کہ يہ کيس دنيا بھر ميں ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز ہے۔

ع س / ع ا، اے ايف پی