1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیمز بانڈ برطانیہ میں نہیں جرمنی میں پیدا ہوا تھا

3 فروری 2019

برطانوی مصنف ایان فلیمنگ نے جیمز بانڈ کا افسانوی کردار تخلیق کیا تھا۔ اس کردار کو شہرت اُن کے پہلے ناول سے ملی تھی۔ اسی ناول پر مشہور فلم ’ڈاکٹر نو‘ بنائی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/3Cdk7
Filmstill James Bond 007 Dr. No Sean Connery Eunice Gayson 1962
تصویر: Imago/Cinema Publishers Collection

ایان فلیمنگ نے بظاہر اپنے افسانوی کردار جیمز بانڈ کے بارے میں کوئی واضح تفصیلات فراہم نہیں کی تھی۔ بعض ناولوں میں فلیمنگ نے اپنے افسانوی کردار کے ماضی اور خاندان کے بارے میں چند تفصیلات ضرور بیان کی تھیں لیکن یہ سب ادھوی تصور کی جاتی ہیں۔

ایسی ادھوری تفصیلات کے مطابق جیمز بان کے والد کا نام اینڈریو بانڈ تھا اور وہ سکاٹ لینڈ سے تعلق رکھتا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ فلم ’ڈاکٹر نو‘ میں جیمز بانڈ کا کردار شین کونری نے ادا کیا تھا اور وہ بھی اسکاٹش ہیں۔ اینڈریو بانڈ کی بیوی اور جیمز بانڈ کی والدہ مونیق ڈیلکور تھیں اور وہ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھتی تھیں۔ یہی ابتدائی معلومات شائقین کو جیمز بانڈ کے بارے میں ایان فلیمنگ سے دستیاب حاصل ہوئی تھیں۔

ایان فلیمنگ کے نائب جان پیئرسن نے جیمز بانڈ کے تخلیق کار کی سوانعمری مکمل کی تھی۔ یہ سن 1966 میں شائع ہوئی اور خاصی مقبول بھی ہوئی۔ سن 1973 میں جان پیئرسن نے جیمز بانڈ کے افسانوی کردار کی حیات بارے کتاب مرتب کی۔ اس کا نام James Bond: The Authorized Biography of 007 تھا۔

Sean Connery 1982
شین کونری کی برسوں شناخت جیمز بانڈ کے طور پر رہی ہےتصویر: AFP/GettyImages

جان پیئرسن نے اس کتاب میں بنیادی معلومات وہی جمع کی، جو ایان فلیمنگ نے اپنی جیمز بانڈ سیریز کے لیے لکھی گئی کتابوں میں خال خال بیان کی تھیں۔ انہوں نے ان مبہم تفصیلات کے ساتھ جیمز بانڈ کی افسانوی سوانعمری مرتب کی۔

اس سوانعمری میں بیان کیا گیا کہ جیمز بانڈ جرمن علاقے روہر کے مقام واٹن شائیڈ میں گیارہ نومبر سن 1920 کو پیدا ہوا تھا۔ اُس وقت جیمز بانڈ کا والد بسلسلہ ملازمت واٹن شائیڈ میں متعین تھا۔ انجینیئر اینڈریو بانڈ کی بیوی مونیق ڈیلکو بچے کی ولادت کے لیے انگلینڈ جانے کے ارادے سے تھیں کہ انہیں ریلوے ملازمین کی ہڑتال کا سامنا کرنا اور اس باعث جیمز بانڈ واٹن شائیڈ میں پیدا ہوا۔ واٹن شائیڈ کا قصبہ اب بوخم شہر کی حدود میں ہے۔

اسی مقام پر پہلی فروری سے ایک نمائش کا افتتاح ہوا ہے اور اس کا موضوع ’ خفیہ مشن‘ رکھا گیا ہے۔

ایلزبتھ گرینیئر