1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دائيں بازو کی قوتيں يورپی پارليمان ميں پھيلتی ہوئی، جائزہ

9 مارچ 2019

يورپی پارليمان کے انتخابات کے بارے ميں کرائے گئے رائے عامہ کے ايک تازہ جائزے ميں يہ سامنے آيا ہے کہ رياستی سطح پر پھيلتی ہوئی انتہائی دائيں بازو کی سياسی قوتيں، يورپی سطح پر بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کريں گی۔

https://p.dw.com/p/3Ehqv
Magdeburg - Afd bei Parteikongress
تصویر: Getty Images/R. Hartmann

يورپی پارليمان کے آئندہ انتخابات ميں امکان ہے کہ انتہائی دائيں بازو کی سياسی قوتوں کی نشستيں، موجودہ تعداد کے مقابلے ميں دگنی ہو جائيں۔  جرمن اخبار ’بلڈ‘ ميں ہفتے نو مارچ کو شائع  ہونے والے رائے عامہ کے ايک تازہ جائزے کے مطابق ’يورپ آف نيشنز‘ اور ’فريڈم گروپ‘ جيسے سياسی دھڑوں کی نشستيں سينتيس سے بڑھ کر سڑسٹھ ہونے کا امکان ہے۔ فرانس ميں ميرين لے پين کی نيشنل فرنٹ اور آسٹريا کی ايف پی او جيسی انتہائی دائيں بازو کی سياسی جماعتيں، انہی سياسی اتحاد کا حصہ ہيں۔

رائے عامہ کا يہ جائزہ يورپ کے چھ مختلف ممالک ميں فروری کے اواخر اور مارچ کے اوائل ميں کرايا گيا تھا۔ اس ميں ان ملکوں سے تعلق رکھنے والے تقريباً ساڑھے نو ہزار افراد سے ان کی رائے معلوم کی گئی۔ يورپی پارليمان کی نشستوں کے ليے انتخابات مئی ميں ہونے والے ہيں۔ مرکزی سياسی دھارے کی قدامت پسند اور سوشل ڈيموکريٹ قوتيں پہلے ہی ايسی صورتحال کے ليے تيار ہيں کہ ان انتخابات ميں انتہائی دائيں بازو کی قوتوں کی کارکردگی ميں بہتری آئے گی۔ ايسی جماعتوں نے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشير اسٹيو بينن کی جانب سے اس بيان پر بھی تشويش ظاہر کی ہے، جس ميں بينن نے کہا تھا کہ وہ انتخابات سے قبل يورپ کی دائيں بازو کی قوتوں کو متحد کرنے کی کوشش کريں گے۔

’بلڈ‘ ميں شائع ہونے والے جائزے ميں يہ عنديہ بھی ديا گيا ہے کہ مرکزی سياسی دھارے کی قدامت پسند اور سوشل ڈيموکريٹ سياسی پارٹيوں کی کارکردگی پہلے کے مقابلے ميں ناقص رہے گی۔ يہ خدشہ بھی ہے کہ يہ جماعتيں کوئی ’گرينڈ کوليشن‘ نہ بنا پائيں۔ رائے عامہ کے اس جائزے میں اس امر کی بھی تصديق ہوئی ہے کہ رياستی سطح پر دائيں بازو کی قوتوں کا چڑھاؤ يورپی پارليمان کی سطح پر بھی جاری ہے۔ يورپی پارليمان ميں ’يورپيئن پيپلز پارٹی‘ (EPP) کے بارے ميں اندازہ ہے کہ اس کی تينتاليس تک نشستيں کم ہو سکتی ہيں۔ جرمن چانسلر انگيلا ميرکل کی کرسچين ڈيموکريٹک يونين اسی اتحاد کا حصہ ہے۔ دريں اثناء ’پروگريسوو الائنس آف سوشلسٹس اينڈ ڈيموکريٹس‘ (S&P) کی بھی پينتاليس نشستيں کم ہونے کا امکان ہے۔

رائے عامہ کا يہ جائزہ جرمنی، فرانس، آسٹريا، اٹلی، پولينڈ اور اسپين ميں کرايا گيا تھا۔

ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں