1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امیر دبئی کی بیوی فرار ہو کر جرمنی میں پناہ گزین، رپورٹ

1 جولائی 2019

رپورٹس کے مطابق دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیوی شہزادی حیا بنت الحسین دبئی سے فرار ہو کر جرمنی پہنچ گئی ہیں، جہاں انہوں نے سیاسی پناہ کی درخواست بھی دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/3LPE8
VAE Prinzessin Haya bint al-Hussein mit Ehemann Prinz Mohammed bin Raschid al Maktoum
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Haider

نیوز ایجنسی روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیوی شہزادی حیا بنت الحسین اپنے دو بچوں کے ہمراہ دبئی سے فرار ہو کر جرمنی پہنچ گئی ہیں۔

جرمنی کے کثیر الاشاعتی روزنامہ بلڈ نے لکھا ہے کہ شہزادی حیا اپنی گیارہ سالہ بیٹی اور سات سالہ بیٹے کے ہمراہ جرمن سفارت کار کی مدد سے دبئی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئیں۔

ابھی تک جرمن یا متحدہ عرب امارات کے حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم شہزادی حیا اور ان کے بچوں کو رواں برس جنوری کے بعد سے کسی عوامی جگہ پر نہیں دیکھا گیا۔

پینتالیس سالہ شہزادی حیا شیخ محمد کی چھٹی بیوی ہیں اور وہ اردن کے موجودہ بادشاہ عبداللہ کی سوتیلی بہن بھی ہیں۔ برطانوی اخبار دی سن نے لکھا ہے کہ شہزادی حیا کو خدشہ تھا کہ یو اے ای میں ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

علاوہ ازیں اخبار دی سن کے مطابق برطانیہ کی بجائے جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرانے کی بظاہر وجہ یہ بھی ہے کہ شہزادی حیا کو خدشہ تھا کہ لندن حکومت انہیں واپس متحدہ عرب امارات بھیج دے گی۔

اس خدشے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دبئی کے امیر کی ایک بیٹی فرار ہو کر برطانیہ پہنچی تھیں لیکن حکام نے انہیں واپس بھیج دیا تھا۔ علاوہ ازیں شیخ محمد کی ایک اور بیٹی شہزادی لطیفہ نے بھی فرار ہونے کی کوشش کی تھی لیکن بھارتی بحریہ نے انہیں گرفتار کر کے واپس متحدہ عرب امارات کے حوالے کر دیا تھا۔

ش ح / ا ب ا (روئٹرز، دی سن)

گمشدہ اماراتی شہزادی