1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کا سب سے ’پستہ قد انسان‘

23 فروری 2012

کوہ ہمالیہ کی بلند چوٹیوں کے نشیب میں واقع ریاست نیپال میں ایک ایسا انسان زندگی گزار رہا ہے جس کے بارے میں خیال کیا گیا ہے کہ وہ ساری دنیا میں انتہائی چھوٹے قد کا حامل ہے۔ اس کا نام چندر بہادر ڈانگی ہے۔

https://p.dw.com/p/147v8
جونری بالاونگتصویر: AP

بائیس انچ یا دو فٹ سے بھی کم قد کے اس نیپالی شخص چندر بہادر ڈانگی کا خیال ہے کہ وہ گینیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کی فہرست میں جلد شامل کر لیا جائے گا۔ گینیز ورلڈ ریکارڈز کے ادارے کے مطابق ان کے اہلکار اس اتوار کو کھٹمنڈو پہنچ رہے ہیں اور وہ پیمائش کر کے بہتّر سالہ نیپالی شخص کے دعوے کی حقیقت معلوم کر سکیں گے۔ ڈانگی کے قد کی پیمائش کا عمل دارالحکومت کھٹمنڈو میں مکمل کیا جائے گا۔

بہتر سالہ چندر بہادر ڈانگی اپنے گھر سے باہر شاذ و نادر ہی نکلتا ہے۔ وہ مغربی نیپالی پہاڑی علاقے کے ایک دور افتادہ گاؤں میں رہتا ہے۔ اس کے گاؤں کا نام ریم کھولی ہے۔ یہ گاؤں دارالحکومت سے 400 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ وہ غیر شادی شدہ ہے اور اپنے بڑے بھائی کے ساتھ رہتا ہے۔ اس کے دیگر پانچ بھائی عمومی قد کے ہیں۔  اس کے خاندان کے افراد کو یہ معلوم نہیں کہ کس سن میں اس کا قد بڑھنا رُک گیا تھا۔ اس نے شروع میں پڑھنے کی کوشش کی لیکن وہ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر رہا۔

Nepal Katmandu Khagendra Thapa Magar Kleinster Mann der Welt Flash-Galerie
نیپال کے تھاپا ماگر کو بھی دنیا کا پستہ قد انسان ہونے کا اعزاز حاصل رہا ہےتصویر: AP

ڈانگی زندگی میں بہت ہی کم دفعہ بیمار ہوا ہے۔ وہ زیادہ تر سبزیاں اور چاول بطور غذا کے استعمال کرتا ہے۔ گوشت انتہائی کم مقدار میں کبھی کبھار کھا لیتا ہے۔ اپنے قد کے حوالے سے ڈانگی کو حال ہی میں آ گہی حاصل ہو ئی ہے اور اسی وجہ سے  وہ گزشتہ بدھ کو اپنے گاؤں سے دارالحکومت پہنچا۔ وہ پہلی بار اپنے گاؤں سے نکلا اور ایک طیارے میں بیٹھ کر کھٹمنڈو پہنچا۔

دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر پہنچ کر ڈانگی نے اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھٹمنڈو کو پہلی بار دیکھ رہا ہے اور یہ اس کے لیے بہت ہی خوشی کی بات ہے۔ اس کے قد کے بارے میں ایک جنگل سے لکڑیاں کاٹنے والے کنٹریکٹر نے مقامی میڈیا کو بتایا۔ اسی نے ڈانگی کے قد کی پہلی بار پیمائش کی تھی۔ اس سے قبل ڈانگی کے خاندان والے بھی اس کے اصل قد کی پیمائش سے آگاہ نہیں تھے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس وقت دنیا کا سب سے کم قامت کا انسان فلپائن کا جونری بالاونگ (Junrey Balawing) ہے اور اس کا قد 23.5 انچ ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ گینیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں کسی کا نام آنے کے بعد اسے ایک سرٹیفیکیٹ دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ نقد انعام نہیں دیا جاتا۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت: ندیم گِل