1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دِل پھینک مردوں کی فہرست، فرانسیسی سب سے آگے

ندیم گِل27 فروری 2014

جب فرانس کے صدر کو ہی اپنی پارٹنر کے پیٹھ پیچھے رنگ رلیاں منانے کے الزام کا سامنا کرنا پڑا تو وہاں کے شہری بھلا کیوں پیچھے رہنے لگے۔

https://p.dw.com/p/1BGN5
تصویر: picture-alliance/dpa

یہ کوئی حیرت کی بات نہیں کہ بے وفائی کے رویوں پر کیے گئے ایک سروے کے نتائج میں فرانسیسی مرد سرفہرست رہے ہیں۔

اس سروے کا اہتمام ’آئی ایف او پی‘ نامی ادارے نے کرایا۔ اس حوالے سے مغربی یورپ کے چھ ملکوں میں اٹھارہ برس یا اس سے زیادہ عمر کے چار ہزار آٹھ سو لوگوں سے سوال کیے گئے۔ اس کے نتائج بدھ 26 فروری کو جاری کیے گئے، جن کے مطابق فرانس اور اٹلی کے مرد زیادہ بے وفا ہوتے ہیں۔

ان دونوں ملکوں میں 55 فیصد مردوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے کبھی نہ کبھی اپنی پارٹنر سے بے وفائی کی۔ فرانس اور اٹلی میں ہر تین میں سے ایک خاتون نے بے وفائی کی مرتکب ہونے کا اعتراف کیا۔

اس سروے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بے وفائی سے عبارت رویوں کا مذہب سے بھی تعلق دکھائی دیتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یورپ کے پروٹسٹنٹ اکثریتی ملکوں میں یہ شرح کم ہے۔ مثلاﹰ برطانیہ میں صرف 42 فیصد اور جرمنی میں 46 فیصد مردوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی کسی افیئر میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

آئی ایف او پی کے ڈائریکٹر فرانسوا کراؤس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اولاند اور اٹلی کے سابق وزیر اعظم سلویو برلسکونی اپنے اپنے ملکوں میں پائے جانے والے رویوں کی ہی عکاسی کرتے ہیں۔ برلسکونی کو گزشتہ برس ایک کم عمر جسم فروش کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے پر سزا سنائی گئی تھی۔

Julie Gayet
جولی گائیےتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی میں 43 فیصد، اٹلی میں 32 فیصد، فرانس اور برطانیہ میں 29 فیصد خواتین نے اپنے اپنے پارٹنرز کو دھوکا دینے کا اعتراف کیا۔ شمالی یورپ کے بظاہر زیادہ سلجھے ہوئے جوڑے بھی مکمل طور پر فرشتے ثابت نہ ہوئے۔ تقریباﹰ 53 فیصد جرمن اور 50 فیصد برطانوی شہریوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنے پارٹنر کے پیٹھ پیچھے کسی دوسرے فرد کے ساتھ بوس و کنار کیا۔ سروے میں فرانس، اٹلی اور بیلجیم میں ایسے شہریوں کی شرح 46 فیصد رہی۔

تاہم اس سروے میں سرِ فہرست فرانس ہی ہے جہاں 35 فیصد شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے پارٹنر کو دھوکہ دے سکتے ہیں۔ جرمنی اور اسپین میں یہ شرح 31 فیصد، اٹلی میں 28 فیصد اور برطانیہ میں 25 فیصد رہی۔

اس سروے کے نتائج فرانس کے صدر فرانسوا اولاند کے ایک معاشقے کی کہانی منظر عام پر آنے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ فرانس کے ایک میگزین نے ان کی تصاویر شائع کر دی تھیں، جن میں انہیں موٹر سائیکل پر بیٹھے اداکارہ جولی گائیے کے گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

یہ تصاویر سیلیبرٹی میگزین کلوزر نے شائع کی تھیں۔ ساتھ ہی ایک رپورٹ بھی دی گئی تھی کہ فرانسوا اولاند کا فلمی اداکارہ اور سوشلسٹ پارٹی کی سپورٹر جولی گائیے کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے۔

اس اسکینڈل کے نتیجے میں اولاند کی پارٹنر ویلیری ٹریئر وائلر پہلے تو ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر ہسپتال جا پہنچیں۔ وہ تقریباﹰ دس روز تک ہسپتال میں رہیں۔ بعدازاں انہوں نے صدر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

اڑتالیس سالہ ٹریئر وائلر ہفت روزہ پیرس میچ کی کالم نگار ہیں۔ انہوں نے اولاند سے شادی نہیں کی تھی تاہم دونوں 2006ء سے ساتھ تھے۔ مئی 2012ء میں اولاند صدر بنے تو ٹریئر وائلر نے سرکاری تقریبات کے موقع پر خاتون اوّل کا کردار ادا کیا۔