1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کے حامیوں سے تعلق ختم کیا جائے ، بھارتی کرکٹ بورڈ

22 فروری 2019

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا ہے کہ آئی سی سی کو ایسے ممالک سے تعلقات ختم کر دینا چاہییں، جو دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں۔ ناقدین کے مطابق ان کا اشارہ پاکستان کی طرف ہے۔

https://p.dw.com/p/3DrU0
Indien Hyderabad Cricket Testspiel mit Bangladesch
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Rahi

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھارتی کرکٹ بورڈ  کے اعلیٰ اہلکار ونود رائے کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ کرکٹ کی منتظم عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ایک خط ارسال کر رہے ہیں، جس میں زور دیا جائے گا کہ ایسے ممالک سے تعلقات ختم کر دینا چاہییں، جہاں سے دہشت گردی کو ہوا ملتی ہے۔

یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب بھارتی زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گزشتہ ہفتے ہوئے ایک دہشت گردانہ خود کش حملے کے نتیجے میں چالیس سے زائد بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ اس حملے کو گزشتہ تین دہائیوں کا خونریز ترین حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں قائم ممنوعہ عسکری تنظیم جیش محمد نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

بھارت کا الزام ہے کہ اس حملے میں پاکستانی عناصر ملوث ہیں جبکہ اسلام آباد حکومت ان الزامات کو رد کرتا ہے۔ اس تازہ خونریز حملے کے باعث ان ہسمایہ ممالک میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) میں کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن کے چیئرمین ونود رائے نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس حملے سے متعلق اپنے تحفظات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے، ’’ہم کرکٹ کمیونٹی کو بتائیں گے کہ مستقبل میں ہمیں ایسی قوموں سے تعلقات ختم کر دینا چاہییں، جہاں سے دہشت گردی برآمد کی جا رہی ہے۔‘‘

رواں برس انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہونے والے عالمی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں گروپ اسٹیج کے ایک میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں ونود رائے نے کہا کہ سولہ جون کو ہونے والا میچ ابھی دور ہے اور یہ کہ پاکستان کے خلاف اس میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم حصہ لے گی یا نہیں، اس بارے میں فیصلہ حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ سیاسی وجوہات کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں نے سن 2013 کے بعد سے دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے۔

دوسری طرف جمعے کے دن ہی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بھارت کی طرف سے ایسی تمام درخواستوں پر غور معطل کر دیا ہے، جن میں بھارت میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کے انعقاد کی پیشکش کی گئی ہے۔ اس کی وجہ بھارتی حکومت کا وہ فیصلہ بنا، جس میں نئی دہلی حکومت نے دو پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک مقابلے میں شرکت کی خاطر بھارتی ویزا دینے سے انکار کیا۔

ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں