1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رافائل ندال نے بارہویں مرتبہ فرنچ اوپن جیت لیا

9 جون 2019

رواں برس کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا اختتام رافائل ندال کی جیت پر ہوا۔ ندال نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ کلے کورٹ پر کھیلنے والے بہترین کھلاڑی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3K6rC
Tennis French Open Männer Finale Dominic Thiem - Rafael Nadal
تصویر: Getty Images/AFP/M. Bureau

فرنچ اوپن میں آسٹریا کے ڈومینیک ٹھیم نے بلاشبہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرور کوشش کی لیکن کلے کورٹ ماسٹر رافائل ندال نے اُن کو کوئی موقع نہیں دیا۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں کھیلے جانے والے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں مردوں کی چیمپیئن شپ انجام کار تنیتیس سالہ رافائل ندال نے جیت لی۔

انہوں نے یہ فائنل میچ چار سیٹ میں جیتا اور اسکور چھ تین، پانچ سات، چھ ایک اور چھ ایک رہا۔ دوسرا سیٹ ٹھیم جیتنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے یہ سیٹ ٹائی بریک جیتا۔ عالمی درجہ بندی میں ندال کی پوزیشن دوسری اور ٹھیم کی چوتھی ہے۔

سن 2019 کا فائنل میچ ایک طرح سے گزشتہ برس کے فائنل میچ کا ری پلے قرار دیا گیا۔ دونوں فائنل میچ کھیلنے والے وہی کھلاڑی تھے یعنی ہسپانوی رافائل ندال اور آسٹریائی ڈومینیک ٹھیم۔ گزشتہ برس کا میچ بھی ندال جیتے تھے اور رواں برس کے فائنل میچ میں بھی کامیابی دفاعی چیمپیئن ہی کو حاصل ہوئی۔

Frankreich Tennis French Open - Ashleigh Barty
خواتین کی ویمن چیمپئن شپ ہفتہ آٹھ جون کو کھیلی گئی تھی اور اس میں آسٹریلیا کے ایشلی بارٹی کامیاب  ہوئی تھیںتصویر: picture-alliance/dpa/Sputnik/A. Filippov

سیمی فائنل میں ٹھیم نے ورلڈ نمبر ایک نوواک جوکوووچ کو پانچ سیٹ کے طویل میچ میں ہرایا۔ یہ ایک طویل میچ تھا اور اس کی تھکن یقینی طور پر فائنل میچ میں بھی ٹھیم محسوس کر رہے ہوں گے۔ دوسری جانب ندال نے اپنا سیمی فائنل میچ بیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے روایتی حریف راجر فیڈرر کے خلاف کھیلا اور تین سیٹ یعنی اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔

اب رافیل کو فیڈرر کا بیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے دو میچ مزید جیتنے ہوں گے۔ ابھی رواں برس دو گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ باقی ہیں۔ ان میں ایک لندن میں کھیلا جانے والا ومبلڈن اور دوسرا یو ایس اوپن ہے۔ ندال نے بارہ فرنچ اوپن، تین ومبلڈن ، دو یو ایس اوپن اور ایک آسٹریلین اوپن جیتا ہے۔

خواتین کی ویمن چیمپئن شپ ہفتہ آٹھ جون کو کھیلی گئی تھی اور اس میں آسٹریلیا کے ایشلی بارٹی کامیاب  ہوئی تھیں۔ انہوں نے چیک جمہوریہ کی ٹین ایجر مارکیٹا ووندروسووا کو آسانی سے ہرایا۔ بارٹی پہلی آسٹریلین ٹینس کھلاڑی ہیں جو فرانچ اوپن جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔ وہ پیر دس جون کو عالمی نمبر دو بن جائیں گی۔