1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راہل گاندھی کانگریس کے نئے صدر منتخب

عاطف بلوچ اے ایف پی
11 دسمبر 2017

بھارت کی مرکزی اپوزیشن کانگریس پارٹی نے راہل گاندھی کو پارٹی کا نیا رہنما منتخب کر لیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے اس پیش رفت کو ’ایک تاریخی موقع‘ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2p8yd
Indien Rahul Gandhi
تصویر: Reuters/A. Dave

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی اپوزیشن کانگریس پارٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ گیارہ دسمبر بروز پیر سنتالیس سالہ راہل گاندھی کو پارٹی کا نیا صدر چن لیا گیا ہے۔ سینئر پارٹی رکن ملاپالے راما چندرن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ اس منصب کے لیے گاندھی کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔ راہل گاندگی کی فیملی کئی نسلوں سے کانگریس پارٹی کی قیادت سنبھالے ہوئے ہے۔

راہول گاندھی کی انتخابی نشست پر معرکہ

سونیا کا راہول کی نامزدگی تسلیم کرنے سے انکار

راہول گاندھی کانگریس کے نائب صدر منتخب

راہل گاندھی کے پارٹی صدر بننے کے بارے میں طویل عرصے سے شکوک وشبہات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ تاہم پارٹی کے اس اعلان کے بعد ایسی تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا کہ شاید مستقبل قریب میں انہیں اس منصب کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ راما چندرن نے نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے صدر دفتر کے باہر صحافیوں کے سامنے اعلان کرتے ہوئے کہا، ’’شری راہل گاندھی بلا مقابلہ پارٹی کے صدر منتخب کر لیے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ’ایک تاریخی موقع‘ ہے۔

Südafrika Sonia Gandhi in Johannesburg
سونیا گاندھی گزشتہ دو عشروں سے پارٹی کی سربراہی سنبھالے ہوئی تھیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Hadebe

راہل گاندھی کی والدہ اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی اہلیہ سونیا گاندھی گزشتہ دو عشروں سے پارٹی کی سربراہی سنبھالے ہوئی تھیں۔ اکہتر سالہ سونیا اپنے شوہر کے قتل کیے جانے کے بعد اس منصب پر فائز ہوئیں تھیں۔ راجیو گاندھی کو سن انیس سو اکانوے میں ایک حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ راجیو نے سن انیس سو چوراسی میں اپنی والدہ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔

راہل گاندھی سن دو ہزار تیرہ سے کانگریس پارٹی کے نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے۔ سن دو ہزار چودہ کے پارلیمانی انتخابات میں انہوں نے کانگریس پارٹی کی مہم چلائی تھی تاہم اس الیکشن میں کانگریس کو شکست ہو گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ صدر منتخب ہونے کے بعد ان کی پہلی کوشش ہو گی پارٹی کو آئندہ الیکشن کے لیے تیار کیا جائے۔

کانگریس پارٹی کے مطابق راہل گاندھی ہفتے کے دن نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں باضابطہ طور پر پارٹی صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ پارٹی حلقوں میں اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے جبکہ راہل گاندھی کے نئے سربراہ بنائے جانے پر ان کے حامیوں نے آتش بازی کی اور خوشیاں منائیں۔ نئی دہلی میں کانگریس کے ایک سنیئر رکن پریم چوہدری نے اے ایف پی کو بتایا، ’’میں طویل عرصے سے اس فیصلے کا منتظر تھا۔ اب میری خوشی کی کوئی حد نہیں ہے۔‘‘