1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرفراز نے ’کالا‘ کہنے پر معافی مانگ لی

بینش جاوید
24 جنوری 2019

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے ساتھ میچ کے دوران ایک کھلاڑی کو ’کالا‘ کہنے پر معافی مانگ لی ہے۔ سرفراز کا کہنا ہے ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/3C5fQ
Cricket Asia Cup 2018 l Bangladesh vs Pakistan
تصویر: Getty Images/AFP/I. S. Kodikara

ڈربن میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ کے دوران پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے مخالف ٹیم کے کھلاڑی اندیلی پہلوِک وایو کو ایک متنازعہ جملہ کہہ دیا تھا۔ اندیلی اپنے پچاس رن مکمل کرنے کے لیے جب بھاگے تو سرفراز کی جانب سے کہا گیا،’’ ابے کالے تیری امی آج کہاں بیٹھی ہیں؟ کیا پڑھوا کر آیا ہے آج ؟‘‘ اس جملے کو اسٹمپ کیمرے نے ریکارڈ کر لیا۔ سوشل میڈیا پر اس ریکارڈنگ کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ کئی کرکٹرز اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سرفراز احمد کے ان الفاظ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

صحافی مہوش اعجاز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’سرفراز کے الفاظ کا دفاع نہیں کرنا چاہیے۔ جو انہوں نے کہا وہ غلط ہے۔ اس درجے پر کھیلنے والے کھلاڑیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ انہوں نے کیا کہنا ہے اور کیا نہیں۔‘‘

کرکٹر شعیب اختر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،’’ میں امید کرتا ہوں کہ سرفراز اس مسئلے سے جلد نکل جائیں گے کیوں کہ ہمیں آنے والے ورلڈ کپ میں ان کی ضرورت ہو گی۔‘‘

سرفراز احمد نے اس واقعے پر معافی مانگتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا،’’ میں یہ نہیں چاہتا تھا کہ میرے الفاظ کو سنا جاتا یا مخالف ٹیم یا کرکٹ کے فینز ان الفاظ کو سنتے۔ میں نے ماضی میں بھی کرکٹرز کی عزت کی ہے اور مستقبل میں بھی میں ان کی عزت کرنا جاری رکھوں گا۔‘‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سرفراز احمد کے جملوں کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق، ’’ بے شک سرفراز احمد ایک بہت کامیاب اور قابل کپتان ہیں لیکن اس قسم کے جملوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت نہیں کرے گا۔‘‘