1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا میں ایسٹر کے روز بم دھماکے، ڈیڑھ سو سے زائد ہلاکتیں

21 اپریل 2019

سری لنکا میں ایسٹر سنڈے کے دن تین گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے نتیجے میں35 غیر ملکیوں سمیت 156 افراد ہلاک اور چار سو سے زائد زخمی ہو گئے ۔

https://p.dw.com/p/3HAbv
Sri Lanka Colombo Explosion in St. Anthony's Kirche
تصویر: picture-alliance/AA/C. Karunarathne

دس برس قبل خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد سری لنکا میں تشدد کے یہ بدترین واقعات ہیں۔ بتایا گیا ہےکہ دارالحکومت کولمبو کے شمال میں کاٹوواپیٹیا کے علاقے میں واقع سینٹ سباستیان چرچ میں ہونے والے بم دھماکے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ ایک پولیس اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں اس کیتھولک گرجاگھر کی چھت بھی تباہ ہو گئی۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبے باٹیکالوآ میں واقع ایک چرچ میں ہوئے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہے۔

اتوار کو دارالحکومت کولمبو کے تین بڑے ہوٹلوں، شنگریلا، کنگس بری اور سینامون گرینڈ ہوٹل میں ہوئے دھماکوں میں بھی متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم اب تک وہاں ہونے والی ہلاکتوں کی حتمی تعداد سامنے نہیں آئی۔

حکام نے شناخت اور شہریت ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ ان حملوں میں 35 غیرملکی بھی مارے گئے ہیں۔

Sri Lanka Colombo Explosion am Shangri-La Hotel
تصویر: Getty Images/AFP/I. S. Kodikara

فی الحال کسی بھی گروہ یا تنظیم کی جانب سے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی، تاہم خانہ جنگی کے دنوں میں سن 2009 تک تامل علیحدگی پسندوں کی جانب سے کیے گئے بم دھماکے معمول رہے ہیں۔

مسیحی گروپوں کا کہنا ہے کہ انہیں حالیہ کچھ عرصے میں بدھ بھکشوؤں کی جانب سے دھمکیوں میں اضافے کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ برس بدھ مت کی ماننے والی سنہالی برادری اور اقلیتیی مسلمانوں کے درمیان بھی بڑی جھڑپیں دیکھنے میں آئی تھیں۔ بدھ مت سے وابستہ سخت نظریات کے حامل گروہ الزام عائد کرتے ہیں کہ مسلمان عام افراد کو جبری طور پر مذہب تبدیل کر کے مسلمان بنانے میں مصروف ہیں۔

ان واقعات کے بعد وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا، ’’میں آج اپنے لوگوں پر ہونے والے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میں تمام سری لنکن شہریوں سے کہتا ہوں کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں متحد اور مضبوط رہیں۔‘‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیرمصدقہ رپورٹوں اور افواہوں کو پھیلانے سے اجتناب کیا جائے، ’’حکومت حالات کو قابو میں لانے کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہے۔‘‘

صدر ماتھری پالا سری سینا نے پولیس کے خصوصی دستوں اور فوج کو احکامات دیے ہیں کہ وہ ان حملوں کے درپردہ عناصر سے متعلق تفتیش کریں۔ ان واقعات کے بعد کولمبو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت متعدد مقامات پر فوج تعینات کر دی گئی ہے۔

ع ت، م م (روئٹرز، اے ایف پی)