1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا میں مسلم مخالف فسادات، پورے ملک میں رات کا کرفیو

13 مئی 2019

سری لنکا میں مسلم مخالف فسادات کے بعد سوشل میڈیا پر پابندی لگاتے ہوئے عام صارفین کی فیس بک اور واٹس ایپ تک رسائی معطل کر دی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک حالیہ پوسٹ کے بعد یہ فسادات کئی شہروں میں شروع ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/3IOGj
تصویر: Getty Images/C. Court

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے پیر تیرہ مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق جنوبی ایشیا کی اس جزیرہ ریاست کے کئی شہروں اور قصبوں میں حال ہی ہونے والے مسلم مخالف فسادات اس سال مسیحی تہوار ایسٹر سنڈے کے موقع پر کیے جانے والے انتہائی ہلاکت خیز خود کش بم حملوں کے ضمنی نتائج کی تازہ ترین کڑی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ یہ فسادات اس وقت شروع ہوئے جب ایک مقامی دکاندار کی طرف سے فیس بک پر شائع کیے گئے ایک پیغام کے بعد ملک کے شمال مغربی قصبے چیلاو میں مقامی آبادی سے تعلق رکھنے والے مشتعل مسیحی باشندوں نے مسلمانوں کی دکانوں پر حملے شروع کر دیے۔

اس دوران ملکی سکیورٹی دستوں نے ان مشتعل مسیحی باشندوں کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی لیکن اس کے باوجود یہ بدامنی پھیل کر قریبی قصبوں تک پہنچ گئی، جہاں کئی مقامی مسلمان شہریوں کی کاروباری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ ان فسادات میں ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

Sri Lanka Colombo - Soldaten vor Kirche
کولمبو میں ایک گرجا گھر کے باہر حفاظتی فرائض انجام دیتے مسلح سکیورٹی اہلکارتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

کشیدگی تاحال برقرار

سر لنکا میں 21 اپریل کو تین گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں پر عسکریت پسند جہادیوں کی طرف سے کیے جانے والے سلسلہ وار خود کش بم حملوں میں 258 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس دہشت گردی کے بعد سے اب تک اس ملک میں حالات کشیدہ ہیں اور ماضی کے مقابلے میں بہت کچھ تبدیل ہو چکا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ چیلاؤ اور اس کے نواحی قصبوں میں کل اتوار کو پیش آنے والے بدامنی کے واقعات کے بعد وہاں رات کا کرفیو لگا دیا گیا تھا، جس میں آج پیر کے روز پہلی بار کچھ نرمی کر دی گئی۔ اس کے علاوہ عام صارفین کی فیس بک اور واٹس ایپ جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی بھی معطل کر دی گئی ہے، تاکہ اس طرح بدامنی کو ہوا نہ ملے۔

Sri Lanka Negombo Zerstörte St. Sebastian Kirche nach Anschlag
اکیس اپریل کے دہشت گردانہ حملوں میں ڈھائی سو سے زائد افراد مارے گئے تھےتصویر: Reuters/A. Perawongmetha

بدامنی کی وجہ ایک فیس بک پوسٹ

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ چیلاؤ کے جس مسلمان دکاندار کی ایک فیس بک پوسٹ ان فسادات کی وجہ بنی، اس میں لکھا گیا تھا، ’’بہت ہنسو مت، ایک روز تم روؤ گے۔‘‘ اس فیس بک پوسٹ کو چیلاو کے مقامی مسیحی باشندوں نے اپنے طور پر ایک ایسی دھمکی سمجھا تھا، جس کا مطلب، ان کے نزدیک،  مسیحیوں پر کیا جانے والا کوئی نیا حملہ ہو سکتا تھا۔

اس پوسٹ کے شائع کیے جانے کے بعد مقامی مسیحی باشندوں نے نہ صرف اس مسلمان دکاندار کی دکان پر حملہ کر دیا تھا بلکہ ساتھ ہی انہوں نے ایک قریبی مسجد کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔ اس پر سکیورٹی دستوں نے ہوائی فائرنگ کر کے ان بلوائیوں کو منتشر کر دیا اور ساتھ ہی علاقے میں اتوار کی سہ پہر سے پیر کی صبح تک کا کرفیو بھی لگا دیا گیا تھا۔

مسلمانوں کی ملکی تنظیم کی اپیل

سری لنکا میں مسلمانوں کی ایک مرکزی تنظیم آل سیلون جمیعت العلماء (اے سی جے یو) نے کہا ہے کہ ایسٹر سنڈے کے دن مقامی مسلم عسکریت پسندوں کی طرف سے کیے جانے والے خود کش بم حملوں کے بعد سے ملک میں عام مسلمانوں کو شبے کی نظر سے دیکھنے کا رجحان بہت بڑھ گیا ہے۔

اس تنظیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ’’ہم مقامی مسلم آبادی کے تمام ارکان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ محتاط رہتے ہوئے صبر کا مظاہرہ کریں اور سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کے غیر ضروری پیغامات پوسٹ کرنے سے احتراز کریں۔‘‘

اسی دوران سری لنکا میں انٹرنیٹ خدمات مہیا کرنے والے ٹیلیکوم اداروں نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ حکام نے انہیں فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور ایسے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک عام صارفین کی رسائی عبوری طور پر روک دینے کی ہدایت کی ہے۔

سری لنکا کی اکثریتی طور پر بدھ مت کی پیروکار اور کل 21 ملین کی قومی آبادی میں مسلم اقلیت کا تناسب تقریباﹰ 10 فیصد اور مسیحی اقلیت کا تناسب تقریباﹰ 7.6 فیصد بنتا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق انہی مسلم مخالف فسادات کے ملکی دارالحکومت کے قریب کم از کم مزید تین اضلاع میں پھیل جانے کے بعد سکیورٹی اداروں نے پورے ملک میں آج پیر کو رات بھر کا کرفیو بھی نافذ کر دیا ہے۔ 

م م / ع ا / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں