1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سری لنکا کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی‘

محمد علی خان، نیوز ایجنسی اے ایف پی
14 اگست 2017

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

https://p.dw.com/p/2iD3c
Cricket Sri Lankas Mannschaft
تصویر: Getty Images/AFP/L. Wanniarachchi

پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے یہ خوش آئند بات ہے، کیوں کہ پاکستانی سرزمین پر گزشتہ آٹھ برسوں سے بین الاقوامی  کرکٹ میچوں کا انعقاد نہیں ہو سکا ہے، جس کی بنیادی وجہ  سن 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر ہونے والا ایک دہشت گرد حملہ تھا۔ اس واقعے میں سری لنکن ٹیم کی حفاظت پر مامور آٹھ اہلکار ہلاک ہو گئے تھے، جب کہ مہمان ٹیم کے متعدد کھلاڑی بھی زخمی ہوئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ نجم سیٹھی

کيا پاکستان ميں بين الاقوامی کھيلوں کی واپسی ہو رہی ہے؟

پاکستان سُپر لیگ کا فائنل لازمی لاہور میں ہونا چاہیے، جائلز کلارک

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف تھیلنگاسوماتھیپالا نے تمام سکیورٹی امور کوتسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم  پاکستان کے ساتھ تین ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے پاکستان جائے گی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے مطابق وہ چاہیں گے کہ ان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے کم از کم ایک لاہور میں کھیلا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہیں گے کہ دیگر ممالک کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، ’’سلامتی کے امور سے متعلق ہمارے معائنہ کاروں نے پاکستان کا دورہ کیا اور ان کے مطابق تمام معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے لاہور شہر میں ٹیم کی سلامتی کی صورت حال پر تسلی کا اظہار کیا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نےاس بات کی یقین دھانی کرائی ہےکہ اس سیریز کی کامیابی اور کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے پاکستانی سکیورٹی فورسز ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائیں گی۔