سلمان خان: ہیرو یا ولن؟
بھارتی فلموں پر گزشتہ پچیس برسوں سے خانوں کا راج رہا ہے۔ ان میں سے ایک سلمان خان بھی ہیں۔ نوے کی دہائی کا نوجوان ہیرو اب خیراتی کام بھی کرتا ہے۔ تاہم پانچ سال قید کی سزا ثبوت ہے کہ اس کے ماضی نے اس کا پیچھا نہیں چھوڑا۔
ہر دل عزیز خان
ہندوستان کے مقبول ترین فلمی ستاروں میں سے ایک سلمان خان کو بُدھ، چھ مئی کو بھارتی شہر ممبئی کی عدالت نے 28 ستمبر 2002ء کو پیش آنے والے ایک کار حادثے میں غیر ارادی قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2002ء میں سڑک کے کنارے سوئے ہوئے پانچ افراد پر گاڑی چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔
’گاڑی آپ ہی چلا رہے تھے!‘
چھ مئی کو ممبئی کے سیشن کورٹ کے جج دیش پانڈے نے خان کو انسانی قتل کے جرم میں سزا کا مستحق قرار دیا۔ 49 سالہ بُولی وڈ اداکار سلمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گاڑی آپ ہی چلا رہے تھے۔ یہ ناممکن ہے کہ اسٹیرنگ کے پیچھے آپ کا ڈرائیور تھا۔‘‘ واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں ایک عدالتی کارروائی کے دوران سلمان خان نے کہا تھا کہ نہ تو وہ گاڑی چلا رہے تھے اور نہ ہی انہوں نے شراب پی رکھی تھی۔
بالی وڈ کی یورپ میں پزیرائی
بالی وڈ کی فلمیں مغربی دنیا میں بھی خاصی مقبول ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر بھارت کے مقبول ترین اداکاروں میں شاہ رخ حان، امیتابھ بچن اور سلمان خان شامل ہیں۔ جرمنی اور یورپی کے دیگر ممالک میں بالی وڈ کے رنگین ملبوسات، رقص اور جذبات سے بھرپور اداکاری بعض حلقرں میں پسند کی جاتی ہے۔ سلمان خان یورپ کی کئی ماڈلز اور خواتین کے ساتھ معاشقوں کی خبروں کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔
ایک لاابالی نوجوان کا فلمی آغاز
سلمان خان بھارت میں ’سلّو‘ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز ’میں نے پیار کیا‘ نامی انیس سو نواسی میں ریلیز ہونے والی فلم سے کیا۔ سورج برجاتیا کی ہدایت میں بنی یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی اور اس نے سلمان خان کو راتوں رات سپر اسٹار بنا دیا۔ نوے کی دہائی میں سلمان خان کا ’امیج‘ ایک لاابالی نوجوان کا رہا۔
’دبنگ خان‘ کا نیا دور اور سلمان کی سنجیدگی
خطروں سے کھیلنا سلمان خان کو مہنگا پڑا۔ نئی صدی کی پہلی دہائی میں سلمان کا تاثر ایک سنجیدہ انسان اور اداکار کے طور پر ہونے لگا تھا۔ سن دو ہزار دو کے کار حادثے کے حوالے سے تحقیقات نے ان کو پریشان کیے رکھا تاہم وہ ہٹ پر ہٹ فلمیں دیتے رہے۔ حالیہ دور میں ان کی مقبول ترین فلموں میں ’دبنگ‘ سرفہرست ہے۔ اس دور میں انہوں نے ’بی انگ ہیومن‘ نامی ایک خیراتی ادارہ بھی تشکیل دیا۔
فلمی ساکھ اور نجی زندگی
ہندی زبان میں بننے والی 90 فلموں میں کام کرنے اور 27 سالہ فلمی کیریئر کے زیادہ تر وقت فلم بولی وڈ انڈسٹری پر چھائے رہنے والے سلمان کا کا مستقبل اس عدالتی فیصلے کے بعد بہت بُری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کے خلاف سزا پر ان کے کروڑوں مداح پریشان ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ یہ عدالتی فیصہ ان کی ساکھ پر کیا اثر ڈالتا ہے۔ فلمی دنیا کے اس مقبول ہیرو کو نجی زندگی میں کیا ولن کے طور پر یاد کیا جائے گا؟