1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوائن فلو یورپ پہنچ گیا

گوہر نذیر27 اپریل 2009

سوائن وائرس میکسیکو کے بعد اب یورپ بھی پہنچ گیا ہے۔ ہسپانوی حکومت نے تصدیق کردی ہے کہ میکسیکو میں سوائن وائرس سے متاثر ہونے والا ایک شخص اسپین پہنچا اور اس طرح براعظم یورپ میں سوائن فلو کا پہلا کیس ریکارڈ کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/HfDr
ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ یہ بیماری سوروں سے پھیلتی ہےتصویر: AP

سوائن وائرس ایک ایسی بیماری ہے جو سوروں سے انسانوں میں منتقل ہوجاتی ہے۔ حکام کے مطابق میکسیکو میں اس بیماری سے اب تک 100سے زائد افراد موت کا شکار ہوگئے ہیں۔ واشنگٹن میں طبّی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک وہاں ریکارڈ کئے گئے سوائن وائرس کیسز کی تعداد بیس ہے۔

Schweinegrippe Mexico
میکسیکو میں اس بیماری سے اب تک 100سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیںتصویر: AP

ہنگامی حالات کو دیکھتے ہوئے یورپی کمیشن کے وزراء صحت نے ایک ایمرجنسی میٹنگ بھی طلب کی ہے جبکہ مسافروں کو میکسیکو کا سفر کرنے کے حوالے سے احتیاط برتنے کو کہا گیا ہے۔ دریں اثناء سوائن وائرس کے خوف سے عالمی منڈیاں بھی مندی کا شکار ہوگئی ہیں۔

جرمنی کے مشہور سیاحتی گروپ TUI نے سوائن فلو کے باعث پانچ مئی تک میکسیکو سٹی کے دوروں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب جرمن فضائی کمپنیوں Lufthansa اور Air Berlin نے کہا ہے کہ ابھی تک مسافروں کی طرف سے میکسیکو کے لئے ریزرویشنز میں کوئی واضح کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔

لفتھانزا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوائن فلو اس کمپنی کے لئے اتنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے تاہم اتوار سے ہی تمام پروازوں میں مسافروں کو اس بیماری کے بارے میں ’’لیف لیٹز‘‘ کے ذریعے آگاہ کیا جارہا ہے۔