سولہ سال سے بےاولاد پاکستانی جوڑا، پانچ جڑواں بچوں کی پیدائش
18 ستمبر 2014کراچی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس بے اولاد پاکستانی جوڑے کے ہاں ان پانچ جڑواں بچوں کی پیدائش جنوبی پاکستان کے اسی بندرگاہی شہر میں ہوئی۔ اس خاتون کے شوہر ظاہر خان نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ان کی شادی سولہ سال قبل ہوئی تھی۔ ظاہر خان اور ان کی اہلیہ کی خواہش تھی کہ وہ بھی والدین بنیں لیکن شادی کے سولہ سال بعد تک ان کے ہاں کوئی اولاد پیدا نہ ہوئی۔
پھر جب ظاہر خان کی اہلیہ حاملہ ہوئیں تو ان کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ ظاہر خان نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہمارے ہاں بدھ 17 ستمبر کے روز پانچ جڑواں بچے پیدا ہوئے۔ ان میں سے چار بیٹیاں تھیں اور ایک بیٹا۔‘‘
کراچی کے اس ہسپتال کی گائنی کالوجسٹ حنا تیمور کے مطابق زچہ کی عمر 30 اور 40 سال کے درمیان ہے اور وہ اپنے ہاں ان بچوں کی پیدائش پر بے تحاشا خوش ہے۔ ڈاکٹر حنا تیمور نے بتایا کہ نومولود بچوں میں سے ایک لڑکی پیدائش کے فوراﹰ بعد انتقال کر گئی تاہم باقی تین لڑکیوں، ایک لڑکے اور ان کی والدہ کی حالت مستحکم ہے اور ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔
ظاہر خان نے آج جمعرات 18 ستمبر کے روز کراچی میں بتایا کہ اس کا تعلق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے ہے اور وہ جڑواں بچوں کی پیدائش کے دوران اپنی اہلیہ کو کسی قسم کی طبی پیچیدگی سے بچانے اور علاج کی بہتر سہولیات کے لیے کوئٹہ سے کراچی لایا تھا۔ ظاہر خان نے کہا، ‘‘میں اور میری بیوی اتنے خوش ہیں کہ بہت کم لوگ ہماری خوشی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ سولہ سال تک بے اولاد رہنے کے بعد اتنے جڑواں بچوں کے والدین بن جانا ایک ناقابل بیان احساس ہے۔‘‘
پاکستان میں گزشتہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ کسی خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا ہے۔ پچھلے سال اکتوبر میں شمال مغربی پاکستان کے علاقے مالاکنڈ میں بھی ایک خاتون کے ہاں پانچ جڑواں بچے پیدا ہوئے تھے، جن میں سے تین بیٹیاں تھیں اور دو بیٹے۔