1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن ٹنڈولکر کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

عابد حسین11 اکتوبر 2013

بھارت کے ممتاز بیٹسمین اور کرکٹ کے ریکارڈ ساز کھلاڑی سچن ٹنڈولکر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ 200 واں ٹیسٹ میچ کھیل کر کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

https://p.dw.com/p/19xk5
تصویر: INDRANIL MUKHERJEE/AFP/Getty Images

سولہ سال کی عمر میں کرکٹ کا کیریئر شروع کرنے والے لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر 24 برس تک کرکٹ کی دنیا میں ایک معتبر حوالے کے ساتھ موجود رہے۔ وہ اب تک 198 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 15 ہزار 837 رنز بنائے ہیں۔ اس میں ان کی 51 ٹیسٹ سینچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 463 میچوں میں اپنے ملک بھارت کی نمائندگی کی اور اِن میچوں میں وہ 49 سینچریوں کے ساتھ 18 ہزار 426 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ کرکٹ کے مبصرین ٹنڈولکر کو ویسٹ انڈیز کے معروف بیٹسمین سر ویوین رچرڈ اور لیجنڈری سر ڈان بریڈمین کے ہم پلہ کھلاڑی قرار دییتے ہیں۔

Sachin Tendulkar Cricketspieler Indien
سچن ٹنڈولکر اب تک 198 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیںتصویر: Reuters

ٹنڈولکر ایک روزہ میچوں سے پہلے ہی اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ اب انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مناسبت سے انہوں نے اپنے فیصلے سے ذرائع ابلاغ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام عمر کرکٹ کھیلی ہے اور گزشتہ چوبیس برس کرکٹ کھیلنے کے خواب کے ساتھ زندگی بسر کی ہے، اب اس کے بغیر زندگی کے روز و شب بہت ہی دشوار محسوس ہوں گے۔

ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ یہ ان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ وہ دنیا کے تقریباً ہر ٹیسٹ کھیلنے والے میدان میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ٹنڈولکر کے مطابق دو سواں ٹیسٹ اپنے ہی ملک میں کھیل کر کرکٹ کو خیرباد کہنا بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد بھارت کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے ٹنڈولکر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کے مطابق کرکٹ کے وہ مکمل ترین بیٹسمین ہیں اور وہ اس کھیل کے ہر انداز سے بخوبی آگاہ اور واقف ہیں۔

Sachin Tendulkar Cricketspieler Indien
ٹنڈولکر ایک روزہ میچوں سے پہلے ہی اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیںتصویر: Indranil Mukherjee/AFP/Getty Images

بھارت کے لیے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان اور آل راؤنڈر کپل دیو نے ٹنڈولکر کو بھارت کے ابھرتے بیٹسمینوں کا آئیڈیل قرار دیا۔ کپل دیو کے مطابق کرکٹ سے وہ ریٹائر ہو رہے ہیں، یہ ضرور اداس کر دینے والی بات ہے لیکن ایک دن تو ہر کھلاڑی پر یہ وقت آتا ہے۔ ایک اور کھلاڑی سری کانت کے مطابق ٹنڈولکر کرکٹ کی دنیا میں ایک انسپریشن کا نام ہے۔

بھارت سے باہر بھی جہاں جہاں کرکٹ کھیلی جاتی ہے، وہاں سے بھی ٹنڈولکر کے لیے بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ سری لنکا کے مشہور اسپنر مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ دو سوویں ٹیسٹ میچ کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہنا ایک عمدہ فیصلہ ہے اور امید کی جاتی ہے کہ وہ اپنے دو سوویں ٹیسٹ میچ کا اختتام بھی ایک شاندار سینچری پر کریں گے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان ٹویٹر پر پیغام دیا کہ عظیم بیٹسمین نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے موجودہ کپتان گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ سچن ایک شاندار کیریئر کے بعد کھیل کی دنیا سے جدا ہو رہے ہیں اور ایک طویل عرصے کے دوران وہ کسی اسکینڈل کا حصہ نہیں بنے جو ایک اور حیران کن بات ہے۔

انگلینڈ کے بیٹسمین کیون پیٹرسن نے کہا کہ سچن کرکٹ کی دنیا کا چیمپیئن کھلاڑی ہے۔ انگریز کھلاڑی اوئن مورگن نے اس خبر کو پریشان کن قرار دیا کہ سچن جیسے بڑے بیٹسمین نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔