1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی وزیرستان میں حملہ، ایک فوجی اور چھ شدت پسند مارے گئے

20 اپریل 2020

شمال مغربی پاکستان میں شمالی وزیرستان کے علاقے میں ایک فوجی چوکی پر کیے گئے حملے میں ایک فوجی اہلکار اور چھ عسکریت پسند مارے گئے۔ کئی مسلح شدت پسندوں نے یہ حملہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات کیا، جو ناکام بنا دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/3b9zd
تصویر: Getty Images/AFP

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق شمالی وزیرستان میں، جو پہلے پاکستان میں وفاق کے زیر انتظام چھ قبائلی علاقوں میں سے ایک تھا مگر جسے پانچ دیگر قبائلی علاقوں کی طرح اب صوبے خیبر پختونخوا میں شامل کیا جا چکا ہے، ملکی سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر متعدد مسلح عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا تھا، جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔

اسلام آباد میں حکام نے پیر بیس اپریل کے روز بتایا کہ اس لڑائی میں ایک سکیورٹی اہلکار مارا گیا جبکہ کم از کم چھ عسکریت پسند بھی ہلاک کر دیے گئے۔ شمالی وزیرستان میں یہ حملہ افغانستان کے ساتھ سرحد کے قریب ایک چوکی پر انیس اور بیس اپریل کی درمیانی شب کیا گیا۔

شمالی وزیرستان کے اس علاقے کو چند برس پہلے تک مختلف گروپوں اور تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مسلمان عسکریت پسند اپنے گڑھ کے طور پر استعمال کرتے تھے۔

ماضی میں 'فاٹا‘ کہلانے والے پاکستان کے چھ نیم خود مختار قبائلی علاقوں میں سے شمالی اور جنوبی وزیرستان دو ایسے انتظامی علاقے تھے، جہاں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد، حقانی نیٹ ورک کے شدت پسند اور افغان طالبان سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند کافی فعال تھے۔

ان علاقوں میں پاکستانی فوج کی طرف سے 2014ء میں شروع کیے جانے والے کئی بڑے آپریشنوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کو اب وہاں سے تقریباﹰ نکالا جا چکا ہے تاہم وہاں ان شدت پسندوں کی طرف سے کیے جانے والے اچانک حملے آج بھی وقفے وقفے سے دیکھنے میں آتے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی دستوں کی ایک چوکی پر کیا جانے والا یہ تازہ ترین حملہ اس ماہ کے دوران افغانستان کے ساتھ پاکستانی سرحدی علاقے میں ہونے والی چوتھی مسلح جھڑپ ہے۔ ان علاقوں میں صرف قریب تین ہفتوں کے دوران ایسے چار خونریز حملوں سے یہ خدشات بھی زور پکڑتے جا رہے ہیں کہ شاید عسکریت پسند اپنے اس سابقہ گڑھ میں خود کو دوبارہ منظم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

م م / ع س (اے پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں