1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا چھ فریقی مذاکرات شروع کرنے پر آمادہ

1 اگست 2011

شمالی کوریا نے پیر کے روز کہا ہے کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے تعطل شدہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر راضی ہے۔

https://p.dw.com/p/127B8
تصویر: dapd

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ چھ فریقی مذاکرات کا احیاء کرنا چاہتا ہے، جس کی بنیاد گزشتہ ہفتے نیویارک میں ہونے والی ’تعمیری‘ بات چیت بنی ہے۔ شمالی کوریا میں دفتر خارجہ کے مطابق ’شمالی کوریا چھ فریقی مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے تاہم بغیر کسی پیشگی شرط کے۔‘ خیال رہے کے پیانگ یانگ اپریل دو ہزار نو میں اپنے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات سے باہر نکل گیا تھا۔ ان مذاکرات میں جنوبی کوریا، چین، روس، جاپان اور امریکہ شریک تھے۔

گزشتہ مہینے شمالی اور جنوبی کوریا کے جوہری مصالحت کاروں کی بالی میں ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد گزشتہ ہفتے جمعرات اور جمعہ کے روز اقوام متحدہ میں شمالی کوریا اور امریکہ کے نمائندوں کے درمیان بھی بات چیت ہوئی تھی۔

Südkorea Koreas Clash Flash-Galerie
گزشتہ برس نومبر میں شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھاتصویر: AP

امریکہ نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے لچک دکھاتا ہے تو اس کے ساتھ ’بہتر تعلقات‘ کا راستہ کھلا ہے۔ شمالی کوریا کے پہلے نائب وزیر خارجہ نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کو ’بے حد تعمیری‘ قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے سن دو ہزار پانچ میں اپنے متنازعہ جوہری پروگرام کو اقتصادی امداد کے بدلے بند کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی تاہم یہ معاہدہ بعد میں ناکام ہو گیا تھا۔ گزشتہ برس نومبر میں شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے بعد حالات ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہو گئے تھے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں