1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’شمیتابھ‘ میری آواز پر نہیں بنائی گئی، امیتابھ بچن

6 فروری 2015

معروف بھارتی اداکار امیتابھ بچن کی نئی فلم ’شمیتابھ‘ آج دنیا بھر میں ریلیز ہو گئی ہے۔ فلمساز آر بالکی یعنی آر بالا کرشنن کی اس فلم میں امیتابھ بچن کے کردار کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1EXHR
تصویر: J. Tallis/AFP/Getty Images

’شمیتابھ‘ میں امیتابھ بچن ایک ایسے مفلوک الحال شخص کا کردار نبھا رہے ہیں، جو اپنی آواز ایک گونگے اور بہرے اداکار کو دے دیتا ہے۔ یہ کہانی دو کرداروں کی خودی کے گرد گھومتی ہے لیکن یہ دونوں یہ ماننا نہیں چاہتے کہ وہ ’اناپرست‘ ہیں۔ اس فلم میں امیتابھ کے ساتھ دھنُش اور اکشارا حسن بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اکشارا کی یہ پہلی فلم ہے۔

امیتابھ کی آواز ایک خاص پہچان رکھتی ہے تاہم وہ خود کہتے ہیں کہ ان کی آواز میں کوئی خصوصیت نہیں۔ اس موقع پر 72 سالہ امیتابھ بچن نے اُن خبروں کو بھی مسترد کیا کہ آر بالکی نے یہ فلم ان کی آواز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی ہے۔

امیتابھ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’’ لوگ ایسا اس لیے سوچ رہے ہیں کہ اس فلم میں ایک ایسے شخص کو دکھایا گیا ہے، جو اپنی آواز ایک گونگے اداکار کو دیتا ہے۔ یہ اس لیے ہے کہ اس میں کامیابی کا عنصر ہے اور اس میں دونوں کی انا کے درمیان تصادم بھی دکھایا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ ایسا سوچ رہے ہیں،’’ لیکن یہ فلم میری آواز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نہیں بنائی گئی۔‘‘

Bollywood-Film Shamitabh
اس فلم میں دھنُش اور اکشارا حسن بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیںتصویر: STRDEL/AFP/Getty Images

امیتابھ کے بقول ’خودی یا انا‘ ان کی زندگی میں نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ تکّبر انسان میں اس وقت آتا ہے، جب وہ یقین کر لے کہ اس میں تمام خصوصیات موجود ہیں،’’جب میں کیمرے کے سامنے جاتا ہوں، میں یہ نہیں سوچتا کہ میں ایک بہت بڑا فنکار ہوں یا میں کامل انسان ہوں۔‘‘

آر بالکی اس سے قبل ’چینی کم‘ اور’پا‘ جیسی فلمیں تخلیق کر چکے ہیں۔ امیتابھ نے بتایا کہ ’پا‘ میں کم از کم پانچ گھنٹوں میں ان کا میک اپ مکمل ہوتا تھا تاہم اس مرتبہ ان کی داڑھی اور بکھرے ہوئے بال بنانے میں صرف دو گھنٹے لگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلمساز بالکی غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہیں، ’’وہ مختلف انداز سے سوچتے ہیں اور ہمیشہ ایک نئے خیال کے ساتھ فلم بناتے ہیں۔ میرے خیال میں اس طرح کی کہانی کسی نے پہلے کبھی نہیں سنی ہو گی۔‘‘ ان کے بقول انہیں آر بلکی کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزہ آتا ہے۔

ڈائریکٹر آر بالکی پہلے اس فلم میں گونگے اداکار کا کردار شاہ رخ خان کو دینا چاہتے تھے تاہم کچھ وجوہات کی بناء پر ایسا ہو نہ سکا۔ جس کے بعد امیتابھ بچن نے ہی دھنُش کو اس رول کے لیے منتخت کرنے کا کہا تھا۔ دھنُش اس سے قبل رانجھنا میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔ امیتابھ نے کہا ہے کہ وہ اب اپنی دیگر دو فلموں ’پیکو‘ اور ’وزیر‘ کی تشہیری مہم پر توجہ دیں گے۔