1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صوماليہ ميں قحط اور بھوک، صورتحال نازک

20 جنوری 2012

صوماليہ کے ليے اقوام متحدہ کے رابطہ افسر نے کہا کہ صوماليہ کی تقريباً ايک تہائی آبادی کو مدد کی شديد ضرورت ہے ورنہ خشک سالی کی لپيٹ ميں آئے مشرقی افريقہ کے اس ملک کو بھيانک انسانی تباہی کا سامنا ہو گا۔

https://p.dw.com/p/13nJB
تصویر: dapd

صوماليہ ميں خشک سالی اور قحط کا بحران شدید تر ہو چکا ہے۔ انسانی بنيادوں پر امداد کے حوالے سے اقوام متحدہ کے رابطہ افسر مارک باؤڈن (Mark Bowden) کا کہنا ہے کہ پچھلے سال خاصی پيش رفت کے باوجود اب بھی ڈھائی لاکھ صومالی بھوک کے ہاتھوں موت کے خطرے سے دوچار ہيں: ’’صورتحال نازک ہے۔ چاليس لاکھ انسانوں کو ايک نہ ايک شکل ميں انسانی بنياد پر امداد کی ضرورت ہے۔‘‘

اس ليے اقوام متحدہ نے ايک نئی امدادی اپيل جاری کی ہے۔ اُس کا کہنا ہے کہ صوماليہ ميں مستقل طور پر جاری تباہ کن صورتحال پر قابو پانے کے ليے 1.5 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ ملک ميں بارش کی کمی، خراب فصل اور مويشيوں کی غير معمولی حد تک زيادہ اموات نے مسائل ميں اور زيادہ اضافہ کر ديا ہے۔ پچھلے سال کھانے پينے کی اشيا کی قيمتيں 200 فيصد بڑھ گئيں۔

ايمسٹرڈيم ميں مقيم صومالی چندہ جمع کرنے ميں مضروف
ايمسٹرڈيم ميں مقيم صومالی چندہ جمع کرنے ميں مضروفتصویر: Charleen Dedden/Hirda

ليکن پيش رفت بھی ہوئی ہے۔ تين صوبوں ميں اب بھوک پر قابو پا ليا گيا ہے۔ 26 لاکھ افراد کو کھانے پينے کی چيزيں فراہم کی گئی ہيں۔ 12 لاکھ افراد کو اب پينے کا صاف پانی دستياب ہو چکا ہے۔ اس کے باوجود مسائل اب بھی بہت سنگين ہيں۔ باؤڈن نے کہا: ’’ہميں کھانے پينے کی اشيا تک رسائی کو يقينی بنانا ہو گا۔ بحران صوماليہ ميں دوسری فصل سے پہلے ختم نہيں ہو گا جس کی توقع ہميں اگست ميں ہے۔‘‘

نقل مکانی کرنے والوں کی حالت بھی اچھی نہيں ہے۔ دارالحکومت موگاديشو ميں دوسرے علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کی تعداد تقریباﹰ ايک لاکھ 85 ہزار ہے۔ اُن کا انحصار مکمل طور پر باہر سے آنے والی امداد پر ہے۔

جنگ زدہ موگاديشو ميں کھانے پننے کی اشيا کے ليے لمبی قطار
جنگ زدہ موگاديشو ميں کھانے پننے کی اشيا کے ليے لمبی قطارتصویر: picture alliance/dpa

صوماليہ ميں لڑائی کی وجہ سے بھی امدادی کاموں پر اثر پڑ رہا ہے۔’ ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ نامی امدادی تنظيم نے اپنے دو کارکنوں کے قتل کے بعد موگاديشو کے بعض علاقوں ميں کام بند کر ديا ہے۔ ريڈ کراس نے مقامی حکام کی جانب سے 140 ٹرک روکے جانے کے بعد جنوب کو کھانے پينے کی اشيا بھيجنے کا سلسلہ روک ديا ہے۔ کينيا نے فضائی حملوں ميں اضافہ کرديا ہے۔

رپورٹ: ہانس يُرگن ماؤرُس، جنيوا / شہاب احمد صديقی

ادارت: نديم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں