1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان افغان اپوزیشن سے ملنے پر راضی ہو گئے

3 فروری 2019

طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا ایک وفد روس بھیجیں گے جہاں اس وفد کی افغانستان کی اپوزیشن کے رہنماؤں سے ملاقات ہو گی۔ یہ پیشرفت طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3CeRr
Russland Vertreter der Taliban in Moskau
تصویر: picture-alliance/Sputnik/V. Astapkovich

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ دو روزہ ملاقات منگل پانچ فروری سے ماسکو میں شروع ہو گی اور اس میٹنگ میں افغان صدر اشرف غنی کے کئی اہم سیاسی مخالفین شرکت کر رہے ہیں۔ تاہم اس ملاقات میں افغان حکومت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہو گا۔

طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے مقرر افغانستان کی حکومتی کونسل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اُسے ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔

Afghanistan | Zalmay Khalilzad
امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان گزشتہ ماہ قطر میں مذاکرات کا سلسلہ چھ روز تک جاری رہا۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Maqbool

طالبان اور افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کے درمیان گزشتہ ماہ قطر میں چھ روز تک جاری رہنے والے مذاکرات میں افغانستان میں قیام امن کے لیے ایک معاہدے کے خد وخال پر اتفاق رائے ہونے کے بعد افغان صدر اشرف غنی طالبان پر مذاکرات کے لیے زور دیا ہے۔ مگر طالبان افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر راضی نہیں ہیں۔

ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات میں طالبان، افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت افغان حکومت کی بجائے اس کے اہم سیاسی مخالفین سے کریں گے۔ افغان صدر اشرف غنی کے رواں برس جولائی میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات میں نائب صدر کے امیدوار امر اللہ صالح کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا دہشت گردوں سے ملاقات ڈپرشن کا مظہر ہے۔

Keynote: Hamid Karzai (Former President of Afghanistan, Afghanistan)
سابق افغان صدر اشرف حامد کرزئی بھی ماسکو میں طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں شرکت کر رہے ہیں۔تصویر: DW/U. Wagner

ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات میں جن افغان سیاستدانوں نے شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے ان میں حنیف اتمار بھی شامل ہیں جو جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اشرف غنی کے مقابل ہوں گے۔ سابق جنگی سردار عطا محمد نور اور سابق افغان صدر اشرف حامد کرزئی بھی ان مذاکرات میں شرکت کر رہے ہیں۔

ا ب ا / ع ح (اے ایف پی)