1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری، درجنوں فلسطینی ہلاک

12 مئی 2021

اسرائیل نے غزہ کے علاقے میں ایک بار پھر فضائی حملے کیے ہیں۔ اب تک ان حملوں میں کم از کم 35 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے راکٹ حملوں سے چار اسرائیلوں کی موت ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/3tGyd
Gaza Luftangriff auf Hamas Hamadi Gebäude
تصویر: Mohamed Abed/AFP/Getty Images

اسرائیل نے حماس کے راکٹ حملوں کے جواب میں  مزید متعدد فضائی حملے کیے ہیں جس میں ایک تیرہ منزلہ اور دوسری نو منزلہ رہائشی عمارت تباہ ہو گئی ہے۔ اس کے جواب میں حماس نے اسرائیل پر سو سے زائد راکٹ داغنے کا دعوی کیا ہے۔ 

حکام کے مطابق ان حملوں میں اب تک کم سے کم 35 فلسطینی شہری اور چار اسرائیلی ہلاک ہو چکے۔  ہلاک ہونے والوں میں کم سے ایک درجن بچے شامل ہیں۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں ڈیڑھ سو سے زیادہ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اسرائیل میں حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے ایک اور شخص کی بھی راکٹ حملے میں موت ہوئی ہے تاہم وہ اسرائیلی نہیں بلکہ بھارتی شہری تھیں جو وہاں کام کرتی تھیں۔  

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق 12 مئی بدھ کی صبح اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ میں ایک بلند ترین عمارت پر بمباری کی۔ اطلاعات کے مطابق اس نو منزلہ عمارت میں کئی رہائشی اپارٹمنٹ، دوا ساز کمپنیاں اور ایک ڈینٹل کلینک بھی تھی۔ یہ عمارت پوری طرح  سے تباہ ہو گئی ہے تاہم ابھی پوری طرح سے یہ واضح نہیں ہے کہ اس میں جانی اور مالی نقصان کتنا ہوا۔ 

Gaza Luftangriff Israel
تصویر: Hatem Moussa/AP Photo/picture alliance

یہ فضائی حملہ اس قدر ہولناک تھا کہ اس عمارت سے کئی سو میٹر دور تک اس کا ملبہ ٹوٹ کر پہنچا جبکہ وہاں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ اس سے قبل منگل کو اسرائیل نے ایک تیرہ منزلہ عمارت پر بمباری کر کے اسے زمیں بوس کر دیا تھا۔

منگل کو اسی تیرہ منزلہ عمارت پر حملے کے بعد حماس نے جواباً تیل ابیب کو بھی نشانہ بنانا شروع کیا اور رات کے دوران اس نے سو سے زیادہ راکٹ اسرائیل میں داغنے کا دعوی کیا ہے۔ حماس کے مطابق پیر کے روز جب سے فریقین کے درمیان لڑائی شروع ہوئی اس وقت سے اب تک اس نے تین سو سے زائد راکٹ اسرائیل کے خلاف داغے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے غزہ کے علاقے پر 150 اہداف کو نشانہ بنایا اور حماس کے متعدد ارکان کو ہلاک کیا ہے۔ اس نے اپنے بعض شہریوں کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔ 

Israel Palästinenser Konflikt | Raketenangriff von Gaza
تصویر: Nir Elias/REUTERS

ہنگامی حالات کا نفاذ

اس دوران اسرائیل نے منگل کو لد کے ان علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں عربوں اور یہودیوں کی آبادی مشترک ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ایسے بعض علاقوں میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ اس دوران اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے لد کے علاقے کا دورہ بھی کیا ہے۔

مکمل جنگ چھڑنے کا خدشہ

مشرقی وسطی کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر ٹور وینس لینڈ نے فوری طور پر تشدد روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تمام واقعات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ کہیں یہ مکمل جنگ کی صورت نہ اختیار کر لے۔

اقوام متحدہ نے مغربی کنارے اور غزہ میں تازہ تشدد کی لہر پر تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔ جنیوا میں ادارے کے ایک ترجمان روپرٹ کول ولے کا کہنا تھا، ''ہم تشدد، نسلی تقسیم اور اشتعال انگیزی کے مقصد کے لیے ہر طرح کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔''

غزہ کے عوام تاریکی میں رہنے پر مجبور

نیتن یاہو کی دھمکی

اس دوران اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ کے شدت پسندوں کو اس کے لیے ایک بڑی قیمت ادا کرنی پڑے گی اور فوجی آپریشن میں ابھی وقت لگے گا۔ وزیر دفاع بینی گینٹز کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا، ''ہم بہت ہی بڑی مہم کی ابھی بلندی پر ہیں۔''  

وزیر دفاع بینی گینٹز کا کہنا تھا اسرائیل کے پاس ابھی غزہ میں، ''بہت سارے بڑے اہداف ہیں '' جہاں وہ حملہ کر سکتا ہے۔''یہ تو بس آغاز ہے۔''

ادھر حماس نے مزید فضائی حملوں کا جواب دینے کا عہد کیا ہے۔ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیۂ نے منگل کے روز کہا تھا کہ حماس نے یروشلم کا دفاع کیا ہے۔

امکان ہے کہ 12 مئی بدھ کے روز یروشلم کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہو جس میں اس تشدد پر ایک بار پھر بحث کی توقع ہے۔

ص ز/ ج ا   (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں