1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلوریڈا کے دلدلی علاقے میں برمی اژدہا

12 جولائی 2018

امریکی ریاست فلوریڈا کے دلدلی علاقے اپنے مگر مچھوں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ اب اس دلدل کے ماحولیاتی نظام کو ایک انتہائی بڑی رینگنے والی مخلوق سے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/31Km6
Global Ideas Python
تصویر: Conservancy of Southwest Florida

فلوریڈا کےگھاس والے یا گیاہی دلدلی علاقوں میں مگرمچھوں کے ساتھ ساتھ انتہائی بڑی جسامت کے اژدہا پھیلتے جا رہے ہیں۔ اژدہاؤں کی یہ قسم بنیادی طور پر جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا سے تعلق رکھتی ہے۔ سن 1970 کی دہائی میں اس اژدہا کو اس دلدلی علاقے میں پہلی مرتبہ دیکھا گیا تھا۔

ایسا خیال کیا گیا ہے کہ جانوروں کے کسی غیر ذمہ دار شوقین شخص نے ان اژدہاؤں کے ایک جوڑے کو اس دلدلی علاقے میں چھوڑ دیا تھا۔ اُس کے بعد اِن کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ محتاط اندازوں کے مطابق اس وقت فلوریڈا کے دلدلی علاقے میں برمی اژدہاؤں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوہز کر چکی ہے۔

Global Ideas Python
اس وقت فلوریڈا کے دلدلی علاقے میں برمی اژدہاؤں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوہز کر چکی ہےتصویر: Conservancy of Southwest Florida

اس کی تعداد کے بڑھنے کی وجہ اس علاقے میں پائے جانے والی دوسری جنگلی حیات بھی ہے۔ ان میں لومڑی، دلدلی خرگرش، پرندے، پشم دار راکون یا خرسک وغیرہ خاص طور پر شامل ہیں۔ برمی اژدہا ایک بڑے جثے کا سانپ ہے اور اس کی لمبائی سات میٹر یا تیئیس فٹ تک ہوتی ہے اس کا وزن ایک سو تیرہ کلوگرام یا ڈاھائی سو پاؤنڈ تک ہوتا ہے۔

اس کی افزائش کی بنیادی وجہ گھاس والی دلدل میں موجود دفاع سے محروم یہی جانور ہیں اور اِس باعث اژدہاؤں کی نسل بھی بہت تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے جو مجموعی ایکوسسٹم کو خراب کر رہی ہے۔ جنوبی فلوریڈا کے دلدلی علاقے کی جنگلی حیات اور واٹر منیجمنٹ شعبے SFWMD سے تعلق رکھنے والے ریسرچر مائیکل کرک لینڈ کا کہنا ہے کہ گیاہی دلدلی علاقے میں پوستینی جانوروں کی تعداد میں ننانوے فیصد کمی واقع ہو گئی ہے۔

فلوریڈا کے سبز گھاس والے دلدل کے محققین نے واضح کیا ہے کہ بڑی جسامت والی برمی اژدہا لمبی ٹانگوں والے آبی پرندوں کو بھی اپنا شکار بنانے سے گریز نہیں کرتے اور بعض اوقات وہ چار فٹ تک کے مگر مچھوں پر بھی حملہ کر دیتے ہیں۔ اسی طرح اس علاقے میں چھوٹی جسامت کے ممالیہ جانوروں کی تعداد بھی بہت کم ہو کر رہ گئی ہے۔

Global Ideas Python
لرمی اژدہاؤں ​​کے بڑھنے کی وجہ اس علاقے میں پائے جانے والی دوسری جنگلی حیات بھی ہےتصویر: Conservancy of Southwest Florida

مائیکل کرک لینڈ کے مطابق برمی اژدہاؤں نے میامی ڈاڈ کاؤنٹی کے ایک بڑے علاقے میں پائے جانے والے تمام جانور ہڑپ کر لیے ہیں اور اور وہ اب دوسرے علاقوں میں خوراک کی تلاش کے سلسلے میں پھیلنا شروع ہو گئے ہیں۔ شہروں کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ اژدہاؤں کی نسل میں اضافے سے بھی سرسبز گیاہی دلدلی علاقے نے سکڑنا شروع کر دیا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ان اژدہاؤں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو فلوریڈا کا گھاس والا دلدلی علاقہ ویران ہو کر رہ جائے گا۔ جانوروں کی حیات اور پانی پر نگاہ رکھنے والے ادارے SFWMD نے ان اژدہاؤں کو پکڑنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اب تک اِس پروگرام کے تحت گیارہ سو اژدہا پکڑے جا چکے ہیں۔ یہ ادارہ اژدہا کے شکاریوں کو بھی بھرتی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اژدہا کو ہلاک کرنے کے لیے انہیں چھرے والی بندوقوں استعمال کرنے کی بھی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔